پنجاب کے شہر فتح گڑھ صاحب سے ایک نہایت افسوسناک سڑک حادثے کی اطلاع موصول ہوئی ہے، جس میں نصف درجن سے زائد عقیدتمند اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ کئی افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق آنند پور صاحب سے عقیدتمندوں کو لے کر واپس آنے والی بس فتح گڑھ صاحب کے قریب سڑک کنارے ایک بجلی کے کھمبے سے ٹکرا کر الٹ گئی۔
اس حادثے میں کم از کم 7 افراد جاں بحق جبکہ تقریباً 21 افراد زخمی ہوئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ یہ دل دہلا دینے والا واقعہ رات کے وقت پیش آیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر مورنڈا اور فتح گڑھ صاحب کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور بس کو سڑک سے ہٹا کر ٹریفک کی روانی بحال کی گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ تقریباً 40 عقیدتمند بیساکھی کے موقع پر سری آنند پور صاحب میں حاضری دینے گئے تھے اور واپسی کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق بس میں اچانک تکنیکی خرابی پیدا ہوئی جس کے باعث وہ بے قابو ہو کر کھمبے سے جا ٹکرائی اور الٹ گئی۔عینی شاہدین کے مطابق بس میں عقیدتمندوں کی بڑی تعداد سوار تھی جو گرودوارہ صاحب میں ماتھا ٹیکنے کے بعد واپس اپنے گھروں کی طرف جا رہے تھے۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ موقع پر چیخ و پکار مچ گئی اور قریبی افراد فوری مدد کے لیے پہنچ گئے۔
زخمیوں کو فتح گڑھ صاحب، بسی پٹھانہ اور مورنڈہ کے سرکاری اسپتالوں میں داخل کیا گیا، جبکہ کچھ کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں پی جی آئی چنڈی گڑھ ریفر کر دیا گیا۔ پولیس نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا اور معاملے کی تفتیش جاری ہے۔
حادثے میں زخمی ایک خاتون کے مطابق بس کا ایک ٹائر اچانک پھٹ گیا جس کے بعد ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا۔ بس ایک جانب جھک گئی اور پھر سڑک کے کنارے کھمبے سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ مسافروں کو زوردار جھٹکا لگا اور کئی افراد اپنی نشستوں سے گر پڑے۔
پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فتح گڑھ صاحب کے ایس ایس پی شبھم اگروال نے بتایا کہ حادثہ رات تقریباً 9:30 سے 10:00 بجے کے درمیان پیش آیا۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بس میں تکنیکی خرابی تھی جس کے باعث وہ توازن کھو بیٹھی۔ پولیس اور امدادی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا، جن میں سے تقریباً 15 افراد کو مورنڈا اور 9 کو فتح گڑھ صاحب کے اسپتال میں داخل کیا گیا۔
