دارالعلوم دیوبند: ہاسٹل میں اسمارٹ فون پر مکمل پابندی، خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا اعلان
دارالعلوم دیوبند انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ حکم میں واضح کیا گیا ہے کہ ہاسٹل میں رہنے والے تمام طلبہ کے لیے اسمارٹ فون (ملٹی میڈیا/اینڈرائیڈ موبائل) کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق یہ اصول ہر طالب علم پر یکساں طور پر نافذ ہوگا، چاہے وہ نیا داخلہ لینے والا ہو یا پہلے سے زیرِ تعلیم طالب علم۔ کسی بھی صورت میں ہاسٹل میں اسمارٹ فون رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر کسی طالب علم کے پاس فون پایا گیا، چاہے وہ آن ہو یا آف، تو اسے خلاف ورزی تصور کیا جائے گا اور فوری طور پر سخت کارروائی کی جائے گی، جس میں ادارے سے اخراج تک کی سزا بھی شامل ہو سکتی ہے۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد طلبہ کی تعلیمی توجہ کو بہتر بنانا اور نظم و ضبط کو برقرار رکھنا ہے۔ دارالعلوم کے مطابق موبائل فون کے غیر ضروری استعمال سے طلبہ کی پڑھائی متاثر ہوتی ہے، اسی لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے استاد قاری اسحاق گورا نے بتایا کہ دارالعلوم دیوبند پہلے بھی اس طرح کی ہدایات جاری کر چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارے کا مقصد طلبہ کو یکسوئی کے ساتھ تعلیم کی طرف متوجہ رکھنا ہے اور موبائل کی غیر ضروری مصروفیات سے دور رکھنا ہے۔
