آندھرا پردیش کے ضلع کرنول میں جمعرات کی صبح ایک دردناک سڑک حادثہ پیش آیا، جہاں منترالیم زون کے چلکلڈونا علاقے کے قریب ایک بولیرو گاڑی اور لاری کے درمیان زبردست ٹکر ہو گئی۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ موقع پر ہی کہرام مچ گیا اور کئی مسافر گاڑی میں پھنس گئے۔
حکام کے مطابق اس سانحے میں 8 عقیدتمندوں کی موت ہو گئی، جن میں سے 5 افراد نے جائے حادثہ پر ہی دم توڑ دیا جبکہ 3 دیگر نے اسپتال میں دورانِ علاج جان گنوائی۔ اس کے علاوہ 10 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں فوری طور پر ایمیگنور اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق تمام متاثرین کرناٹک کے رہائشی تھے اور منترالیم مندر کے درشن کے بعد واپس لوٹ رہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن شروع کرتے ہوئے زخمیوں کو باہر نکال کر اسپتال منتقل کیا۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔یاد رہے کہ اس سے قبل پنجاب کے فتح گڑھ صاحب میں بھی ایک بس حادثہ پیش آیا تھا، جس میں کئی عقیدتمند ہلاک اور زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد اب کرنول کا یہ سانحہ ایک اور افسوسناک خبر بن کر سامنے آیا ہے۔
دریں اثنا، وزیر اعظم نریندر مودی نے اس حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ پرائم منسٹر نیشنل ریلیف فنڈ کے تحت ہر جاں بحق فرد کے اہل خانہ کو 2 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو 50 ہزار روپے دیے جائیں گے۔
