دہلی کے مشرقی علاقے شاہدرہ کے وویک وہار میں ایک دل دہلا دینے والا آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک چار منزلہ رہائشی عمارت اچانک آگ کی لپیٹ میں آ گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مبینہ طور پر اے سی دھماکے یا شارٹ سرکٹ کے باعث لگنے والی اس آگ نے دیکھتے دیکھتے پوری عمارت کو اپنی زد میں لے لیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ کئی دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب تقریباً 3:45 بجے فائر بریگیڈ کو اطلاع دی گئی کہ وویک وہار کے ایک رہائشی بلاک میں آگ بھڑک اٹھی ہے۔ اطلاع ملتے ہی 12 فائر انجن، پولیس، ڈی ڈی ایم اے اور ریسکیو ٹیمیں فوری موقع پر پہنچ گئیں۔ آگ دوسری، تیسری اور چوتھی منزل تک پھیل چکی تھی اور شعلے دور سے دکھائی دے رہے تھے، جبکہ پورا علاقہ دھوئیں سے بھر گیا تھا۔
#WATCH दिल्ली: शाहदरा के विवेक विहार में चार मंजिला इमारत में आग लगने की घटना सामने आई है। दमकल की गाड़ियां मौके पर मौजूद हैं। pic.twitter.com/EwO9prNL6P
— ANI_HindiNews (@AHindinews) May 3, 2026
ریسکیو آپریشن کے دوران کئی افراد عمارت میں پھنسے ہوئے پائے گئے، جنہیں بڑی مشکل سے باہر نکالا گیا۔ تقریباً 16 افراد کو محفوظ نکال لیا گیا، جبکہ 2 افراد کو معمولی زخمی حالت میں گرو تیگ بہادر اسپتال منتقل کیا گیا۔
مقامی کونسلر پنکج لوتھرا کے مطابق دوسری منزل کے پچھلے حصے سے 5 لاشیں برآمد ہوئیں، ایک لاش کچھ فاصلے پر ملی، جبکہ 3 لاشیں اوپری منزل سے نکالی گئیں۔ لاشیں بری طرح جھلس چکی ہیں، جس کے باعث فوری شناخت ممکن نہیں ہو سکی۔ حکام نے بتایا کہ شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائے گا۔
علاقائی رکن اسمبلی سنجے گوئل نے اس حادثے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمارت میں 8 فلیٹ تھے اور آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ کئی لوگ دروازے نہ کھول سکے اور جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
پولیس نے موقع سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور معاملے کی مکمل جانچ شروع کر دی گئی ہے۔ کچھ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ آگ اے سی دھماکے سے لگی، جبکہ ابتدائی طور پر شارٹ سرکٹ کو بھی ممکنہ وجہ مانا جا رہا ہے، تاہم اصل سبب کی سرکاری تصدیق ابھی باقی ہے۔
