اورنگ آباد، : شہر میں شدید گرمی اور لو کے اثرات کے درمیان ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں 27 سالہ نوجوان امئے منگلیش کلکرنی تقریباً 25 دن تک وینٹی لیٹر پر زندگی کی جنگ لڑنے کے بعد انتقال کر گیا۔ یہ دل سوز واقعہ شہر کے دیولائی علاقے سے سامنے آیا ہے۔
اہل خانہ کے مطابق امئے کلکرنی والوج کی ایک سولار کمپنی میں اکاؤنٹ آفیسر کے طور پر ملازمت کرتا تھا اور روزانہ والوج سے دیولائی تک سفر کیا کرتا تھا۔
اطلاعات کے مطابق 25 اپریل کو اپنی حاملہ اہلیہ کی طبی ضرورت کے پیش نظر امئے نے دفتر سے آدھے دن کی چھٹی لی اور شدید گرمی کے دوران والوج سے دیولائی تک سفر کر کے گھر پہنچا تاکہ اپنی اہلیہ کو اسپتال لے جا سکے۔
گھر پہنچنے کے کچھ ہی وقت بعد اس کی طبیعت اچانک بگڑنے لگی اور حالت مسلسل خراب ہوتی گئی۔ اگلے روز یعنی 26 اپریل کو اسے اسپتال میں داخل کیا گیا، تاہم اس کے بعد وہ دوبارہ گھر واپس نہ آ سکا۔
امئے تقریباً 25 دن تک وینٹی لیٹر پر زیر علاج رہا۔ اس دوران اس کی اہلیہ نے ایک بچی کو جنم دیا، لیکن قسمت کو کچھ اور منظور تھا۔ امئے اپنی نومولود بیٹی کی ایک جھلک دیکھنے سے پہلے ہی دنیا کو الوداع کہہ گیا۔
اس افسوسناک واقعے کے بعد اہل خانہ اور علاقے میں غم کی فضا چھا گئی ہے۔
