اورنگ آباد، 22 مئی: حکومت مہاراشٹر کے محکمہ داخلہ نے ریاست بھر میں گاؤونش کی غیر قانونی نقل و حمل اور غیر مجاز مذبح خانوں کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری کیے ہیں۔ اس سلسلے میں اورنگ آباد سمیت تمام پولیس کمشنروں اور متعلقہ محصول افسران کو خصوصی سرکلر روانہ کیا گیا ہے۔
سرکلر کے مطابق گائے، بیل اور بچھڑوں کی مبینہ غیر قانونی نقل و حمل میں ملوث افراد یا گروہوں کے خلاف ضرورت کے مطابق مکوکا قانون کے تحت کارروائی پر غور کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ میونسپل کارپوریشن، ضلع پریشد، نگر پریشد، پنچایت سمیتی اور گرام پنچایت انتظامیہ کو بھی اپنے اپنے علاقوں میں غیر قانونی مذبح خانوں کی نشاندہی کرنے اور متعلقہ افراد کے خلاف سخت اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق اس مہم کو مؤثر بنانے کے لیے شہری اور دیہی سطح پر خصوصی فلائنگ اسکواڈ تشکیل دیے جائیں گے، جو مسلسل نگرانی اور چھاپہ کارروائی انجام دیں گے۔
محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد قانون پر عمل درآمد کو مزید مضبوط بنانا اور غیر قانونی سرگرمیوں پر قابو پانا ہے۔
