تمل ناڈو میں حکومت سازی کی تصویر واضح، وجئے کو اتحادیوں کی حمایت سے اکثریت ملنے کے امکانات روشن
تمل ناڈو کی سیاست میں بڑا بدلاؤ دیکھنے کو ملا ہے، جہاں اداکار سے سیاستدان بننے والے تھلاپتی وجئے کی پارٹی ’تملگا ویتری کژگم‘ (ٹی وی کے) نے اسمبلی انتخابات میں 108 نشستیں حاصل کر سب سے بڑی جماعت کے طور پر ابھری ہے۔ تاہم 234 رکنی اسمبلی میں حکومت بنانے کے لیے 118 سیٹیں درکار ہیں، جس کے لیے وجئے کو مزید 10 ارکان کی حمایت چاہیے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق یہ ہدف حاصل کرنا وجئے کے لیے زیادہ مشکل نہیں دکھائی دیتا۔ کانگریس، جس نے 5 نشستیں جیتی ہیں، کی جانب سے حمایت کے مثبت اشارے مل چکے ہیں اور اعلیٰ قیادت کے باضابطہ اعلان کا انتظار ہے۔ راہل گاندھی کی جانب سے وجئے کو مبارکباد دینا بھی ممکنہ اتحاد کی جانب ایک اہم اشارہ مانا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ بائیں بازو کی جماعتیں (4 سیٹیں) اور وی سی کے (2 سیٹیں) بھی ٹی وی کے کی حمایت کر سکتی ہیں، جس سے وجئے کے لیے اکثریت کا راستہ مزید آسان ہو جائے گا۔ اگر یہ تمام پارٹیاں ساتھ آتی ہیں تو مجموعی تعداد 119 تک پہنچ سکتی ہے، جو حکومت سازی کے لیے کافی ہے۔
مزید یہ کہ اے آئی اے ڈی ایم کے اتحاد کی حلیف جماعت پی ایم کے (4 سیٹیں) بھی ممکنہ طور پر حمایت دے سکتی ہے، جس سے سیاسی مساوات مزید دلچسپ ہو گئی ہے۔ اب سب کی نظریں اس بات پر ہیں کہ وجئے کس اتحاد کے ساتھ حکومت بنانے کا حتمی فیصلہ کرتے ہیں اور تمل ناڈو کی سیاست میں آئندہ سمت کیا رخ اختیار کرتی ہے۔
