ہاپوڑ میں ہولناک حادثہ، بس پر الٹا ٹرک، 6 افراد جاں بحق، کئی زخمی
ہاپوڑ: مغربی اتر پردیش کے علاقے ہاپوڑ میں پیر کی علی الصبح ایک دل دہلا دینے والا سڑک حادثہ پیش آیا، جہاں دھولانہ–گلاوٹی روڈ پر بس اور ٹرک کے درمیان شدید تصادم میں 6 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ متعدد زخمی ہو گئے، جن میں کچھ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق ٹکر اتنی زور دار تھی کہ ٹرک بے قابو ہو کر بس کے اوپر الٹ گیا، جس کے باعث بس میں سوار مسافر ملبے تلے دب گئے۔ حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگ موقع پر پہنچے اور امدادی کاموں میں حصہ لیا، جبکہ پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے بھی بروقت کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا۔
بتایا جا رہا ہے کہ بس ایک شادی کی تقریب سے واپس آ رہی تھی اور اس میں درجن بھر افراد سوار تھے۔ انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کا علاج مختلف اسپتالوں میں جاری ہے، جبکہ حادثے کے بعد ٹرک کو ہٹا کر ٹریفک بحال کر دی گئی ہے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ اس افسوسناک حادثے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
