بہار میں غیر قانونی ایل پی جی ریفلنگ کا بڑا کھیل بے نقاب، 54 سلنڈر اور گیس کنٹینر ضبط
بہار کے مظفرپور ضلع میں پولیس نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی گیس ریفلنگ کے منظم نیٹ ورک کا پردہ فاش کر دیا ہے۔ یہ کارروائی پیر کی رات خفیہ اطلاع کی بنیاد پر انجام دی گئی، جس میں بڑی مقدار میں گیس اور آلات برآمد ہوئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق موتی پور تھانہ علاقے کے نریار کے قریب ایک مقام پر طویل عرصے سے غیر قانونی طور پر ایل پی جی گیس کو بڑے ٹینکر سے چھوٹے سلنڈروں میں منتقل کیا جا رہا تھا۔ اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی مغربی سچترا کماری کی سربراہی میں ٹیم نے اچانک چھاپہ مارا۔
چھاپے کے دوران ایک گیس سے بھرا کنٹینر، ایک بولیرو گاڑی، ایک آٹو (ٹوٹو) اور 54 سلنڈر ضبط کیے گئے۔ ساتھ ہی ریفلنگ میں استعمال ہونے والے پائپ اور دیگر سامان بھی پولیس کے قبضے میں لے لیا گیا۔ ابتدائی جانچ سے معلوم ہوا ہے کہ یہ نیٹ ورک مقامی سطح پر گیس کی غیر قانونی سپلائی کر رہا تھا۔
کارروائی کے دوران پولیس کو دیکھ کر وہاں موجود افراد موقع سے فرار ہو گئے، تاہم پولیس ضبط شدہ گاڑیوں کے رجسٹریشن نمبروں کی مدد سے ملزمان تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہے۔ڈی ایس پی سچترا کماری نے بتایا کہ کیس کی باریک بینی سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، جبکہ ایس ایس پی کانتیش کمار مشرا نے کہا کہ جلد ہی اس گروہ کے تمام افراد کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی اشارہ دیا کہ اس غیر قانونی کاروبار کے روابط سرحد پار نیپال تک ہو سکتے ہیں۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کہیں اس طرح کی مشتبہ سرگرمیاں نظر آئیں تو فوری طور پر اطلاع دیں، تاکہ ایسے غیر قانونی دھندوں پر بروقت روک لگائی جا سکے۔
