ملک میں ایل پی جی ڈلیوری کے نام پر بڑھتے سائبر فراڈ کے معاملات کے بعد سرکاری تیل کمپنیوں نے صارفین کے لیے اہم انتباہ جاری کیا ہے۔ کمپنیوں کا کہنا ہے کہ جعلساز گیس ایجنسی یا ڈلیوری بوائے بن کر فون کال، واٹس ایپ اور فرضی ایس ایم ایس کے ذریعے لوگوں سے او ٹی پی اور ڈلیوری کوڈ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جس کے بعد مالی دھوکہ دہی کی وارداتیں انجام دی جا رہی ہیں۔
ہندوستان پٹرولیم، انڈین آئل اور بھارت پٹرولیم نے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ گیس کنکشن بند ہونے، کے وائی سی اپڈیٹ یا آدھار لنکنگ کے نام پر آنے والے مشتبہ پیغامات پر ہرگز اعتماد نہ کریں۔ کمپنیوں کے مطابق ان کا کوئی نمائندہ فون یا واٹس ایپ پر او ٹی پی طلب نہیں کرتا، اور ڈلیوری کوڈ صرف اسی وقت شیئر کیا جانا چاہیے جب اصل ڈلیوری اہلکار دروازے پر موجود ہو۔
تیل کمپنیوں نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ گیس بکنگ اور دیگر خدمات کے لیے صرف سرکاری ایپس جیسے انڈین آئل ون، ایچ پی پے اور ہیلو بی پی سی ایل کا استعمال کریں۔ اگر کوئی شخص سائبر دھوکہ دہی کا شکار ہو جائے تو فوری طور پر قومی سائبر ہیلپ لائن 1930 پر شکایت درج کرانے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔
