اورنگ آباد میں پانی کی شدید قلت کے خلاف اسلام پارٹی کی جانب سے بڑے احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے۔ پارٹی کی جانب سے “ہنڈا مورچہ” نکالا جائے گا، جس میں شہریوں سے بڑی تعداد میں شرکت کی اپیل کی گئی ہے تاکہ پانی کے بحران کو اجاگر کیا جا سکے۔
پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ شہر میں شدید گرمی کے باوجود کئی علاقوں میں ہر 8 سے 10 دن بعد پانی کی سپلائی ہو رہی ہے، جبکہ نئی واٹر اسکیموں کا پانی بھی کئی کالونیوں تک نہیں پہنچ رہا، جس کی وجہ سے عوام کو ٹینکروں اور دیگر ذرائع پر انحصار کرنا پڑ رہا ہے۔
اسلام پارٹی کے مطابق اس احتجاج کے دوران میونسپل کارپوریشن کو ایک مطالباتی محضر بھی پیش کیا جائے گا، جس میں فوری اور مستقل حل کا مطالبہ کیا جائے گا۔ پارٹی رہنماؤں نے کہا ہے کہ عوامی مسائل خاص طور پر پانی کی قلت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، اس لیے اس احتجاج کو کامیاب بنانے کی اپیل کی گئی ہے۔
