جمعرات کی صبح پنجاب پولیس میں اس وقت ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی جب بیک وقت یہ اطلاع موصول ہوئی کہ لدھیانہ کے 3 سے 4 اسکولوں میں بم رکھے جانے کا خدشہ ہے، جبکہ ریلوے ٹریک کو بھی اُڑانے کی سازش کی بات سامنے آئی۔ دھمکی دینے والے نے واضح کیا کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے اندر یہ دھماکے کیے جا سکتے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیمیں فوراً متعلقہ اسکولوں کی جانب روانہ ہو گئیں۔
یہ دھمکی آمیز ای میل اسکول انتظامیہ کی سرکاری ای میل آئی ڈی پر موصول ہوئی، جس کے بعد فوری طور پر تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کر دیا گیا۔ کمشنریٹ پولیس نے بغیر تاخیر تمام متاثرہ اسکولوں میں اپنی ٹیمیں بھیج دیں تاکہ مکمل جانچ کی جا سکے۔ ساتھ ہی جی آر پی کو بھی الرٹ کر دیا گیا کہ وہ اپنے دائرہ اختیار میں آنے والے ریلوے ٹریک کی باریک بینی سے تلاشی لے، تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے کو روکا جا سکے۔
موصولہ تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح سب سے پہلی ای میل شیرپور میں واقع اسپرنگ ڈیل پبلک اسکول کو ملی، جس میں 23 اور 24 اپریل کے درمیان اسکول کے اندر دھماکہ کرنے کی دھمکی دی گئی تھی۔ اسی ای میل میں مزید تین اسکولوں کے نام بھی شامل تھے، جبکہ چند ریلوے ٹریکس کا ذکر بھی کیا گیا جہاں دھماکہ کیے جانے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا۔
اسکول انتظامیہ نے بغیر وقت ضائع کیے اس معاملے کی اطلاع پولیس کے اعلیٰ افسران کو دی۔ فوراً اسکول بند کر دیا گیا اور والدین کو پیغام بھیجا گیا کہ وہ اپنے بچوں کو لے جائیں۔ اچانک چھٹی کے اعلان سے اسکول میں افراتفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ اسی دوران پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی، جس کے بعد صورتحال کی سنگینی کا اندازہ ہوا۔ اسکول کے ہر حصے کی مکمل تلاشی لی گئی، تاہم کوئی مشتبہ چیز برآمد نہیں ہوئی۔ دیگر تین اسکولوں میں بھی تفتیشی کارروائی جاری ہے، جبکہ اسپرنگ ڈیل پبلک اسکول کے اطراف کے علاقوں کو بھی سرچ کیا جا رہا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ابتدائی جانچ میں کچھ برآمد نہیں ہوا، اب ای میل کے سورس اور بھیجنے والے کی شناخت پر کام جاری ہے۔
ادھر بھٹنڈا میں بھی خوف و ہراس اس وقت پھیل گیا جب دو معروف تعلیمی اداروں، سینٹ زیویئر اور ملینیم اسکول، کو بم سے اڑانے کی دھمکی موصول ہوئی۔ اسی کے ساتھ بھٹنڈا ریلوے اسٹیشن کو نشانہ بنانے کی وارننگ بھی دی گئی۔ تازہ صورتحال کے مطابق سکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے دونوں اسکولوں کو فوری طور پر خالی کرا لیا گیا اور طلبہ کو بحفاظت گھروں کو روانہ کر دیا گیا۔
ریلوے اسٹیشن پر بھی سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے، جہاں پولیس ٹیمیں مستعد ہو کر تفتیش میں مصروف ہیں۔ مسافروں اور سامان کی باریک بینی سے جانچ کی جا رہی ہے۔ دھمکی سامنے آتے ہی پولیس اور دیگر سکیورٹی ایجنسیاں مکمل طور پر الرٹ ہو چکی ہیں۔ اسکولوں میں سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ ریلوے اسٹیشن پر نگرانی مزید بڑھا دی گئی ہے۔
