شہر لکھنؤ میں پانچ روز سے لاپتہ ایک شخص کی لاش اسی کے گھر سے برآمد ہوئی، جس کے بعد پولیس نے مقتول کے بیٹے کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق 49 سالہ مانویندر پرتاپ سنگھ، جو پیشے سے کاروباری تھے، 20 فروری سے لاپتہ تھے۔ ابتدائی طور پر ان کے 21 سالہ بیٹے اکشت پرتاپ سنگھ نے ہی والد کی گمشدگی کی درخواست دی تھی، تاہم تفتیش کے دوران معاملہ قتل میں تبدیل ہو گیا۔ڈپٹی کمشنر آف پولیس وکرانت ویر کے مطابق ابتدائی پوچھ گچھ میں اکشت نے اعتراف کیا کہ 20 فروری کو تعلیم کے معاملے پر باپ بیٹے کے درمیان جھگڑا ہوا، جس کے بعد اس نے اپنے والد کو گولی مار دی۔پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کے بعد لاش کے ٹکڑے کیے گئے اور انہیں گھر کے اندر ایک ڈرم میں چھپا دیا گیا، جبکہ بعض حصے شہر کے دیگر مقامات پر پھینک دیے گئے۔ مقامی تھانے کے ایس ایچ او چھترپال سنگھ کے مطابق واردات میں استعمال ہونے والی لائسنس یافتہ رائفل بھی برآمد کر لی گئی ہے۔پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے، جبکہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔
