کریمیا میں خوفناک فضائی حادثہ، روسی فوجی طیارہ تباہ، 29 افراد ہلاک
روس کے زیرِ انتظام علاقے کریمیا سے ایک نہایت افسوسناک خبر سامنے آئی ہے، جہاں روسی فوج کا ایک ٹرانسپورٹ طیارہ المناک حادثے کا شکار ہو کر مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ اس حادثے میں طیارے میں سوار تمام 29 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب روسی فوج کا این-26 طیارہ دورانِ پرواز اچانک ریڈار سے غائب ہوگیا۔ بعد ازاں سرچ آپریشن کے دوران اس کا ملبہ کریمیا کے پہاڑی علاقے میں ایک چٹان سے ٹکرانے کے بعد بکھری ہوئی حالت میں پایا گیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق طیارے میں 23 مسافر جبکہ 6 عملے کے ارکان سوار تھے، تاہم حادثہ اس قدر شدید تھا کہ کوئی بھی شخص زندہ نہ بچ سکا۔
#INTERNACIONAL 🇷🇺🚨 La aeronave, que transportaba 23 pasajeros y seis miembros de la tripulación, se precipitó contra un acantilado durante un vuelo de rutina.https://t.co/0FVNUOvs7b pic.twitter.com/aQwHqqmgGz
— Diario Tiempo de Honduras (@TiempoHonduras) April 1, 2026
روسی ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات ابھی مکمل طور پر واضح نہیں ہو سکیں، تاہم ابتدائی تحقیقات میں فنی خرابی کو ممکنہ سبب قرار دیا جا رہا ہے۔ کچھ اطلاعات کے مطابق طیارہ براہِ راست پہاڑی چٹان سے ٹکرایا، جس کے باعث یہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔
روسی وزارتِ دفاع نے واقعے کے بعد فوری طور پر ریسکیو اور تحقیقاتی کارروائی شروع کر دی ہے۔ حکام جائے حادثہ سے شواہد اور بلیک باکس حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔
ماہرین کے مطابق یہ علاقہ سکیورٹی کے لحاظ سے نہایت حساس ہے، اس لیے اس نوعیت کا حادثہ روس کے لیے ایک اہم تشویش کا باعث بن گیا ہے۔ اب تمام تر توجہ اس بات پر مرکوز ہے کہ آیا یہ سانحہ تکنیکی خرابی، موسمی حالات یا کسی اور وجہ سے پیش آیا۔
