اورنگ آباد: شدید گرمی کے درمیان بجلی کی آنکھ مچولی سے شہری پہلے ہی پریشان ہیں، ایسے میں مہاوترن (MAHAVITARAN) نے پری مانسون مرمتی مہم کو تیز کر دیا ہے تاکہ بارشوں کے موسم میں بجلی کی فراہمی متاثر نہ ہو۔
محکمہ بجلی کے مطابق، یہ مہم شہر اور اطراف کے علاقوں میں جنگی بنیادوں پر جاری ہے۔ اس کے تحت بجلی کی لائنوں سے ٹکراتی درختوں کی شاخوں کی کٹائی، خراب انسولیٹرز کی تبدیلی، ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز کی دیکھ بھال، فیڈر پلرز اور رنگ مین یونٹس کی ارتھنگ چیک کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ آئل فلٹریشن، کھمبوں اور تاروں کو مضبوط بنانے جیسے اہم کام بھی شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ 33 کے وی سب اسٹیشنوں سمیت مختلف مراکز پر مرحلہ وار مرمت کا کام مکمل کیا جا رہا ہے تاکہ مانسون کے دوران کسی بڑے بریک ڈاؤن سے بچا جا سکے۔ صارفین کو بجلی بندش کی پیشگی اطلاع رجسٹرڈ موبائل نمبروں پر ایس ایم ایس کے ذریعے دی جا رہی ہے۔
تاہم، ان مرمتی کاموں کے باعث شہر کے کئی علاقوں میں وقفے وقفے سے بجلی کی سپلائی متاثر ہو رہی ہے، جس سے شہریوں کو خاص طور پر دوپہر کی سخت گرمی میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مہاوترن حکام نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عارضی تکلیف مستقبل میں بلا رکاوٹ بجلی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے، اور تمام کام جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
