انڈونیشیا میں شدید زلزلہ، سمندر میں سنامی کی لہریں، عمارتیں متاثر، ایک شخص ہلاک
انڈونیشیا ایک بار پھر طاقتور زلزلے کی زد میں آ گیا، جہاں جمعرات کی صبح آنے والے شدید جھٹکوں نے لوگوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 7.4 ریکارڈ کی گئی، جبکہ بعض عالمی رپورٹس میں اس کی شدت 7.6 سے 7.8 تک بھی بتائی جا رہی ہے۔ زلزلے کا مرکز شمالی مولوکا سمندر میں واقع تھا۔
زلزلے کے فوری بعد سمندر میں ہلچل دیکھی گئی اور کئی علاقوں میں سنامی کی لہریں محسوس کی گئیں۔ انڈونیشیا کی محکمہ موسمیات ایجنسی (بی ایم کے جی) کے مطابق 5 مختلف مقامات پر لہریں ریکارڈ کی گئیں، جن میں سب سے بلند لہر شمالی سلاویسی کے شمالی مناہاسا علاقے میں 0.7 میٹر تک پہنچی۔
🚨 Circulating images | First footage showing the impact of the M7.4 earthquake in North Sulawesi, Indonesia. pic.twitter.com/9UJRZ0hXq5
— The Middle East (@A_M_R_M1) April 1, 2026
ایجنسی نے مزید بتایا کہ ابتدائی اندازوں کے مطابق سنامی کی لہریں 0.5 سے 3 میٹر تک بلند ہو سکتی تھیں، جس کے پیش نظر ساحلی علاقوں میں الرٹ جاری کیا گیا۔ تاہم بعد میں خطرے کی شدت میں کمی آنے پر کچھ وارننگز واپس لے لی گئیں۔
زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری رہا، اور اب تک 11 جھٹکے ریکارڈ کیے جا چکے ہیں، جن میں سب سے طاقتور جھٹکا 5.5 شدت کا تھا۔
❗️⚠️🇮🇩 – Dramatic footage captures the moment a powerful preliminary 7.8-magnitude earthquake struck the Northern Molucca Sea off Indonesia.
The quake was filmed from the port of Weda in Central Halmahera, North Maluku province, as strong shaking rattled the area on the evening… pic.twitter.com/jEt9Ubnv7d
— 🔥🗞The Informant (@theinformant_x) April 2, 2026
شمالی سلاویسی کے شہر ماناڈو میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں اسپورٹس اتھارٹی کی عمارت کا ایک حصہ گرنے سے ایک شخص ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گیا۔ مقامی حکام کے مطابق دیگر علاقوں میں بھی عمارتوں اور گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے، جبکہ کچھ مقامات پر بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جھٹکے اتنے شدید تھے کہ لوگ گھبرا کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ بیتونگ اور ٹرنٹے جیسے شہروں میں 10 سے 20 سیکنڈ تک زمین زور سے ہلتی رہی۔
زلزلے کا مرکز فلپائن کے ساحل سے تقریباً 580 کلومیٹر جنوب اور ملیشیا کے صباح سے 1000 کلومیٹر دور سمندر میں بتایا جا رہا ہے۔ انڈونیشیا کی قومی آفات ایجنسی نے عوام کو محتاط رہنے اور غیر ضروری طور پر ساحلی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت دی ہے۔
ابتدائی طور پر امریکی سنامی وارننگ سسٹم نے انڈونیشیا، فلپائن اور ملیشیا کے ساحلی علاقوں کے لیے خطرہ ظاہر کیا تھا، تاہم بعد میں اس وارننگ کو واپس لے لیا گیا۔ فلپائن اور ملیشیا نے بھی فی الحال کسی بڑے خطرے کی تردید کی ہے، مگر صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق پیسفک خطے کے متعدد ممالک میں معمولی سنامی لہریں دیکھی جا سکتی ہیں، لیکن فی الحال بڑے پیمانے پر نقصان کا کوئی واضح خطرہ سامنے نہیں آیا۔
