ممبئی، 22 مئی (یو این آئی): مہاراشٹر میں ووٹروں کی خصوصی نظرِ ثانی مہم (SIR) کا آغاز 30 جون سے کیا جا رہا ہے، جو 29 جولائی تک جاری رہے گی۔ اس وسیع مہم کے تحت ریاست کے تقریباً 9 کروڑ 88 لاکھ ووٹروں کی تفصیلات کی گھر گھر جا کر تصدیق کی جائے گی۔
ریاست کے چیف الیکشن آفیسر ایس چونکم نے کہا کہ یہ عمل مکمل شفافیت کے ساتھ انجام دیا جائے گا اور کسی بھی اہل ووٹر کا نام بلاوجہ فہرست سے خارج نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ووٹروں کے حقوق اور ان کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے گی۔
اس سے قبل اپوزیشن اتحاد مہاوکاس اگھاڑی کے نمائندوں نے بھی خصوصی نظرِ ثانی مہم کے حوالے سے 36 نکات پر مشتمل ایک یادداشت الیکشن کمیشن کو پیش کی تھی، جس کے بعد کمیشن کی جانب سے اس سلسلے میں تفصیلی پریس کانفرنس کی گئی۔
اس مہم کے تحت ریاست بھر میں تقریباً 9 کروڑ 86 لاکھ 44 ہزار 413 ووٹروں کی معلومات کی تصدیق کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے ایک لاکھ 253 بوتھ لیول آفیسرز (BLO) کو تعینات کیا گیا ہے، جو گھر گھر جا کر تفصیلات جمع کریں گے۔
حکام کے مطابق مردم شماری کا عمل مکمل ہوتے ہی اس مہم کو عملی شکل دی جائے گی۔ ریاست میں پہلی بار اتنے بڑے پیمانے پر ووٹر تفصیلات کی جانچ کی جا رہی ہے، جس میں ڈپلیکیٹ ناموں کی شناخت، منتقل ہونے والے ووٹروں کی معلومات کی تازہ کاری اور پرانی ووٹر فہرستوں سے مطابقت کا جائزہ شامل ہے۔
الیکشن کمیشن نے اپنی ویب سائٹ پر مختلف ریاستوں اور اضلاع کی پرانی ووٹر فہرستیں بھی دستیاب کر دی ہیں۔ کمیشن 2002 کی ووٹر لسٹ کی بنیاد پر نئی میپنگ کرے گا، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی اور اپنے والدین کی معلومات کی جانچ کریں۔
ریاست میں اب تک تقریباً 72 فیصد ووٹروں کی میپنگ مکمل کی جا چکی ہے۔ شہری علاقوں میں کام کو مزید آسان بنانے کے لیے آن لائن میپنگ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے تاکہ لوگ گھر بیٹھے اپنی تفصیلات اپڈیٹ کر سکیں۔
اہم شیڈول:
• 20 تا 29 جون 2026: فارم کی چھپائی اور BLO عملے کی تربیت
• 30 جون تا 29 جولائی: گھر گھر جا کر فارم کی تقسیم اور وصولی
• 5 اگست: ابتدائی ووٹر فہرست جاری ہوگی
• 5 اگست تا 4 ستمبر: دعوے اور اعتراضات جمع کیے جا سکیں گے
• 3 اکتوبر 2026: تمام دعووں اور اعتراضات پر فیصلہ
• 7 اکتوبر: مہاراشٹر کی حتمی ووٹر فہرست جاری کی جائے گی۔
