دہلی کے اندرلوک میٹرو اسٹیشن پر ہفتہ کے روز اس وقت سنسنی پھیل گئی جب اسٹیشن کے احاطے میں موجود خواتین کے واش روم سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور میٹرو انتظامیہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔
پولیس کے مطابق شام تقریباً 5 بجکر 33 منٹ پر اطلاع ملی کہ اندرلوک میٹرو اسٹیشن کے سلبھ ٹوائلٹ کمپلیکس میں خواتین کا بیت الخلا اندر سے بند ہے اور وہاں سے شدید بدبو آرہی ہے۔ شکایت ملتے ہی این ایس پی میٹرو اسٹیشن کی ٹیم جائے وقوعہ پر روانہ ہوئی۔
پولیس نے خواتین واش روم کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئی تو منظر انتہائی چونکا دینے والا تھا۔ تقریباً 40 سالہ ایک شخص کی لاش پھندے سے لٹکی ہوئی ملی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈی سی پی میٹرو نے بتایا کہ متوفی کی شناخت واش روم کے نگراں کے طور پر کی جا رہی ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسے آخری مرتبہ دو دن پہلے دیکھا گیا تھا، جس کے باعث شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ لاش تقریباً دو دن پرانی تھی، اسی وجہ سے وہاں شدید بدبو پھیل گئی تھی۔
پولیس کی کرائم ٹیم نے موقع پر پہنچ کر تفصیلی معائنہ کیا اور ضروری شواہد جمع کیے۔ لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بی ایس اے اسپتال کے مردہ خانے میں 72 گھنٹوں کے لیے محفوظ کر دیا گیا ہے۔
میٹرو انتظامیہ کی مدد سے متوفی کی مکمل شناخت کی کوششیں جاری ہیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے جانچ شروع کر دی ہے اور یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ یہ خودکشی کا معاملہ ہے یا اس کے پیچھے کوئی اور وجہ موجود ہے۔
خواتین کے واش روم کا دروازہ اندر سے بند ہونا اس واقعے کو مزید پراسرار بنا رہا ہے اور کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے
