گجرات کے ضلع سریندر نگر میں پیر کی صبح ایک نہایت دل دہلا دینے والا سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں پیدل سفر کرنے والے تیرتھ یاتریوں کا ایک گروپ تیز رفتار ٹرک کی زد میں آ گیا۔ یہ حادثہ علی الصبح تقریباً ڈیڑھ بجے لکتر-ورامگام شاہراہ پر پیش آیا، جب راجکوٹ سے بہوچراجی مندر کی جانب جانے والے زائرین سڑک کنارے پیدل جا رہے تھے۔
پولیس کے مطابق بے قابو ٹرک نے اچانک پیچھے سے آ کر یاتریوں کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں موقع پر ہی 7 افراد کی موت ہو گئی، جبکہ ایک زخمی نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔ مہلوکین میں چار خواتین بھی شامل ہیں۔ حادثے میں ایک ڈمپر ڈرائیور بھی جان کی بازی ہار گیا جو سڑک کنارے موجود تھا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ تمام یاتری اپنی منزل کی جانب خاموشی سے رواں تھے کہ اچانک تیز رفتار ٹرک نے انہیں اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ حادثے کے فوراً بعد ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے فرار ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے، جبکہ زخمیوں کو قریبی اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔
