وندے بھارت ٹرین میں کھانے کے معیار پر سوال، کیڑا ملنے پر ریلوے کا سخت ایکشن
ملک کی پریمیم ٹرینوں میں شمار ہونے والی وندے بھارت ایک بار پھر کھانے کے معیار کو لے کر تنازع میں آ گئی ہے۔ احمد آباد سے ممبئی جانے والی ٹرین میں مسافروں کو فراہم کیے گئے کھانے میں کیڑا ملنے کا معاملہ سامنے آیا، جس کے بعد مسافروں میں بے چینی پھیل گئی۔
یہ واقعہ اس وقت منظر عام پر آیا جب ایک مسافر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کھانے کی تصویر شیئر کی، جس میں واضح طور پر کیڑا نظر آ رہا تھا۔ مسافر کے مطابق کھانے میں کیڑا رینگتا ہوا پایا گیا، جس نے دیگر مسافروں کو بھی پریشان کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق اسی کوچ میں مزید مسافروں نے بھی اسی طرح کی شکایت کی، جس کے بعد کئی لوگوں نے کھانا کھانے سے انکار کر دیا۔
दूसरे देश में ऐसा होता तो कंपनी के ख़िलाफ़ ऐसा एक्शन होता कि कंपनी के मालिक के सात पुस्ते याद रखती। वंदे भारत के खाने में फिर मिला कीड़ा।pic.twitter.com/tLGQnepq7T
— Magadh Updates (@magadh_updates) April 7, 2026
معاملہ وائرل ہوتے ہی ریلوے حکام حرکت میں آ گئے اور فوری جانچ شروع کی گئی۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ کھانے کی سپلائی ایک پرائیویٹ وینڈر کے ذریعے کی گئی تھی۔ لاپروائی ثابت ہونے پر ریلوے نے متعلقہ کمپنی پر 10 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
اس کے علاوہ وینڈر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے معاہدہ ختم کرنے کی کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔ جس کچن سے یہ کھانا تیار ہوا تھا، اسے فوری طور پر بند کر دیا گیا ہے اور وہاں صفائی و جراثیم کشی کا عمل جاری ہے۔
ریلوے انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ مسافروں کی صحت اور صفائی کے معاملے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ساتھ ہی مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کے لیے نگرانی مزید سخت کرنے کا بھی یقین دلایا گیا ہے۔
یہ واقعہ ایک بار پھر پریمیم ٹرینوں میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور معیار پر سوال کھڑے کر رہا ہے، جس سے مسافروں کے اعتماد کو جھٹکا لگا ہے۔
