اغوا کیس میں بڑا انکشاف، بچوں کو لے جانے والی ملزمان کی گاڑی حادثے کا شکار، 5 افراد ہلاک، 5 زخمی
گروگرام سے اغوا کیے گئے دو بچوں کو لے جانے کے دوران ملزمان کی گاڑی اتر پردیش کے بریلی میں ایک بھیانک حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 5 افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ 5 دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں دو مغوی بچے بھی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ حادثہ دہلی-لکھنؤ قومی شاہراہ پر سی بی گنج تھانہ علاقے کے پردھولی گاؤں کے قریب پیش آیا۔ تیز رفتار بولیرو نے پہلے ایک موٹر سائیکل کو ٹکر ماری اور پھر بے قابو ہوکر سڑک کنارے کھڑے ٹینکر سے جا ٹکرائی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ دونوں گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔
حادثے میں سکندر کمار، منموہن، ایک نامعلوم شخص اور موٹر سائیکل سوار شمشاد اور ممتاز موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ وہیں بولیرو میں سوار 5 دیگر افراد زخمی ہوئے، جن میں ڈرائیور پرنس اور دو اغوا شدہ بچے شامل ہیں۔
تفتیش کے دوران زخمی ڈرائیور پرنس سے پوچھ گچھ میں اہم انکشاف ہوا۔ پولیس کی سختی پر اس نے اعتراف کیا کہ حادثے میں ہلاک ہونے والے تین افراد اس کے ساتھی تھے اور انہوں نے گروگرام سے ایک آٹو ڈرائیور منوج اور اس کے دو بچوں کو اغوا کیا تھا۔
پولیس کے مطابق منوج فرید پور کا رہنے والا ہے اور گروگرام میں آٹو چلاتا ہے۔ بتایا گیا کہ ملزم منموہن منوج کی نابالغ گود لی ہوئی بیٹی سے شادی کرنا چاہتا تھا، جس کی مخالفت پر اس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر یہ واردات انجام دی۔ اس سلسلے میں منوج کی اہلیہ نے گروگرام کے ڈی ایل ایف پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی تھی۔
ڈرائیور کے انکشاف کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منوج کو بریلی کے ایک مکان سے بحفاظت برآمد کر لیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزمان بچوں کو واپس چھوڑنے جا رہے تھے کہ اسی دوران یہ حادثہ پیش آ گیا۔
پولیس نے معاملے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے اور اس پورے نیٹ ورک کے دیگر پہلوؤں کو بھی کھنگالا جا رہا ہے۔
