کابل (رپورٹ):افغانستان میں جمعہ کی شام آنے والے زلزلے نے دارالحکومت کابل کے نواحی علاقے میں شدید تباہی مچادی، جہاں ایک مکان کے منہدم ہونے سے ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد جان کی بازی ہار گئے۔
حکام کے مطابق زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی تقریباً 181 کلومیٹر تھی۔ جھٹکے نہ صرف افغانستان بلکہ پاکستان اور ہندوستان کے مختلف علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے، جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
کابل کے بگرامی ضلع کے گوسفندرہ علاقے میں زلزلے کے باعث ایک رہائشی مکان مکمل طور پر زمین بوس ہو گیا۔ صوبائی حکام نے بتایا کہ ملبے تلے دب کر ہلاک ہونے والے تمام افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے، جن میں والدین، چار بیٹیاں اور دو بیٹے شامل ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ زلزلہ گہرائی میں آیا تھا، تاہم افغانستان کے دیہی علاقوں میں کمزور اور کچے مکانات کی وجہ سے معمولی شدت کے جھٹکے بھی بڑے جانی نقصان کا سبب بن جاتے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کے اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے علاقوں سمیت ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، تاہم وہاں کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
حکام نے متاثرہ علاقے میں امدادی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں اور مزید نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
