اورنگ آباد، 12 مارچ :شہر میں دھوکہ دہی کے مختلف واقعات سامنے آنے کے بعد پولیس نے متعلقہ ملزمین کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق الگ الگ شکایتوں کی بنیاد پر کارروائی کی گئی ہے۔پہلا واقعہ نکشتر واڑی علاقے میں پیش آیا، جہاں مکندواڑی کے رہائشی 59 سالہ کملاکر بنڈو وکھنڈا نے پولیس میں شکایت درج کروائی۔ ان کا الزام ہے کہ ملزم بی اے شندے اور ایم ایس اگھاؤ، جو اورنگ آباد کے رہائشی ہیں، نے انہیں دھوکہ دے کر زیر تعمیر اپارٹمنٹ کی سائٹ سے تقریباً 20 لاکھ روپے مالیت کا سامان غائب کر دیا اور مالی نقصان پہنچایا۔
اسی طرح ایک دوسرے معاملے میں پدم پورہ کے رہائشی 38 سالہ شخص نے ستارا پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی کہ ملزم سجے تلسی رام سونو، ساکن لکشمی نگر، نے متنازعہ زمین کے کاغذات میں جعلسازی کر کے سات بارہ میں اپنا نام درج کروا لیا اور بعد میں اسی زمین کا جنرل پاور آف اٹارنی تیار کر کے اسے دوسرے شخص کو فروخت کر دیا۔پولیس نے ان شکایات کی بنیاد پر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔
