تہران میں ہنگامہ خیز صورتحال: سپریم لیڈر کی ہلاکت کی سرکاری تصدیق، خطے میں کشیدگی عروج پر
ایران میں غیر معمولی سیاسی و عسکری ہلچل اس وقت پیدا ہوئی جب سرکاری میڈیا نے اطلاع دی کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای ایک فضائی حملے میں جاں بحق ہو گئے ہیں۔ایرانی مرکزی خبر رساں ادارے آئی آر این اے اور سرکاری چینل پریس ٹی وی نے اس خبر کی باضابطہ تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ اُس وقت ہوا جب وہ اپنے دفتر میں موجود تھے۔
Leader of the Islamic Revolution Ayatollah Seyyed Ali Khamenei was martyred in Israeli-American attack on Saturday. pic.twitter.com/dx80n47GoR
— IRNA News Agency ☫ (@IrnaEnglish) March 1, 2026
فوج اور پاسدارانِ انقلاب کا بیان
ایرانی فوج اور اسلامی انقلابی گارڈ کورپس (آئی آر جی سی) نے مشترکہ بیانات میں اس واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ بیان میں اس واقعے کو “باعزت شہادت” قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ ان کا مشن اور نظریاتی راستہ جاری رہے گا ساتھ ہی امریکہ اور اسرائیل پر براہِ راست الزام عائد کرتے ہوئے سخت جوابی کارروائی کی تنبیہ کی گئی اور عوام سے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی گئی۔
عالمی ردعمل اور متنازع بیانات
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں اشارہ دیا کہ “تاریخ کے ظالم ترین افراد میں سے ایک اب نہیں رہا”، جسے بعض حلقوں نے اسی واقعے سے جوڑا۔ادھر اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے بھی عندیہ دیا کہ کارروائی انتہائی درست معلومات کی بنیاد پر کی گئی۔ اسرائیلی ذرائع کے مطابق یہ ایک “سرجیکل اسٹرائیک” تھی جس کا ہدف مخصوص مقام تھا۔
ایران میں 40 روزہ سوگ، جانشینی کا سوال
ایران میں سرکاری طور پر 40 روزہ عوامی سوگ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ تہران سمیت کئی شہروں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور اہم سرکاری عمارتوں کے باہر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔سیاسی مبصرین کے مطابق اب سب سے بڑا سوال اقتدار کی جانشینی اور آئینی طریقہ کار کا ہے، کیونکہ سپریم لیڈر کا منصب ملک کے سیاسی و مذہبی ڈھانچے میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔
خطے میں خطرات کے بادل
ایرانی وزارت خارجہ اور عسکری قیادت نے حملے کو “سنگین جارحیت” قرار دیتے ہوئے سخت ردعمل کا عندیہ دیا ہے۔ ماہرین خبردار کر رہے ہیں کہ اگر صورتحال مزید بگڑتی ہے تو مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی ایک بڑے تصادم کی شکل اختیار کر سکتی ہے، جس کے عالمی اثرات بھی مرتب ہوں گے۔
