ککرولی:تفصیلات کے مطابق مدرسہ جامعہ ازہر ککرولی میں سالانہ اجلاس و دستار بندی کی بابرکت و روح پرور تقریب نہایت ہی شان و شوکت اور دینی جذبہ کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں ہزاروں فرزندانِ توحید نے شرکت کرکے اپنے ایمان و عقیدہ کی تجدید کی۔ تقریب کی صدارت ادارے کے سرپرست مولانا محمد ارشاد مظاہری نے فرمائ ۔جبکہ کنوینر اجلاس نوجوان عالم دین اور ادارے کے ناظم اعلیٰ مولانا بدر اختر مظاہری نے نہایت نظم و نسق کے ساتھ اجلاس کے آغاز تا اختتام مکمل نگرانی فرمائ
تقریب کا آغاز قاری شان عالم کی پُر سوز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد مولوی فیصل اور قاری محمد اعظم میرٹھی نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں نعتِ پاک پیش کرکے سامعین کے قلوب کو منور کیا۔ نظامت کے فرائض مولانا سہیل اختر رحیمی نے نہایت خوبصورت اور بلیغ انداز میں انجام دیے۔
مہمان خصوصی کے طور پر دارالعلوم دیوبند سے تشریف لائے مولانا منیر الدین صاحب نقشبندی نے اپنے خطاب میں قرآن کریم کی عظمت و فضیلت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حفاظِ کرام دراصل امت کا سرمایہ ہیں، جن کے سینوں میں اللہ تعالیٰ کا کلام محفوظ ہوتا ہے۔ انہوں نے والدین کو نصیحت کی کہ وہ اپنے بچوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کریں۔ مولانا محمد حسن نقشبندی نے فرمایا کہ موجودہ پُر فتن دور میں قرآن کریم سے تعلق مضبوط کرنا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے، کیونکہ یہی کتاب انسانیت کو ہدایت کا راستہ دکھاتی ہے۔
مولانا موصوف نے عقیدۂ ختم نبوت پر بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں نت نئے طریقے سے امت کے نوجوانوں کو بہکانے کی کوششیں کی جارہی ہیں ایسے میں ایمان کی حفاظت کے لئے بیداری ضروری ہے بالخصوص عقیدۂ ختم نبوت جوکہ شرط ایمان ہے اس عقیدے کی حفاظت نہایت ضروری ہے

اس موقع پر نیبرۂ شیخ الاسلام مولانا محمد حسن مدنی نے اپنے خطاب میں مدارسِ دینیہ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہی ادارے دین اسلام کے قلعے ہیں، جہاں سے علماء اور حفاظ تیار ہوکر ملت کی رہنمائی کرتے ہیں۔ اگر یہ مدارس خدانخواستہ ختم ہو گئے ہماری نسلوں کے ایمان کی حفاظت ممکن نہ ہوسکے گی مفتی محمد مستقیم ہاپوڑ نے کہا کہ حفظِ قرآن کی سعادت حاصل کرنا بہت بڑی نعمت ہے، اس پر اللہ تعالیٰ کا جتنا شکر ادا کیا جائے کم ہے۔ انہوں نے حفاظ کو نصیحت کی کہ وہ قرآن کے ساتھ اپنے عمل کو بھی مضبوط بنائیں۔
مفتی محمد راغب عمر نے اپنے خطاب میں قرآن و سنت کی پیروی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کامیابی کا واحد راستہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنا ہے۔
قاری عبید الرحمن نے تجویدِ قرآن کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کو صحیح مخارج اور قواعد کے ساتھ پڑھنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر قرب و جوار کے علماء و ائمہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی ادارے کے اساتذہ قاری شعیب عالم قاری فراز عالم قاری محمد ناظم مولانا عبدالماجد قاری مظفر وغیرہ بھی شامل رہے
