امریکہ میں چیٹ جی پی ٹی ایپ کے خلاف اچانک ردعمل، اَن انسٹالیشن میں غیر معمولی اضافہ
امریکہ میں مصنوعی ذہانت کی مقبول ایپ ChatGPT ایک نئے تنازعے کے بعد شدید بحث کا مرکز بن گئی ہے۔ حالیہ دنوں میں امریکی محکمۂ دفاع کے ساتھ کمپنی کی شراکت داری کے اعلان کے بعد کچھ صارفین نے ایپ سے دوری اختیار کرنا شروع کر دی ہے، جس کے نتیجے میں اَن انسٹالیشن کی شرح میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔مارکیٹ ریسرچ فرم Sensor Tower کی تازہ رپورٹ کے مطابق امریکہ میں ایک ہی دن کے اندر چیٹ جی پی ٹی موبائل ایپ کے اَن انسٹالیشن میں تقریباً 295 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ عام حالات میں یہ شرح روزانہ اوسطاً 9 فیصد کے قریب رہتی ہے، اس لیے ماہرین اسے ایک غیر معمولی تبدیلی قرار دے رہے ہیں۔
ادھر متبادل اے آئی پلیٹ فارمز کی طرف رجحان بھی بڑھتا دکھائی دے رہا ہے۔ خاص طور پر Claude نامی ماڈل، جسے کمپنی Anthropic نے تیار کیا ہے، امریکی صارفین میں مقبول ہو رہا ہے۔ ویب اینالیٹکس پلیٹ فارم SimilarWeb کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران امریکہ میں کلاؤڈے ایپ کی ڈاؤن لوڈنگ میں جنوری کے مقابلے میں تقریباً 20 گنا اضافہ ہوا۔تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس اضافے کو مکمل طور پر سیاسی یا عسکری تنازعے سے جوڑنا درست نہیں ہوگا۔ بعض ماہرین کے مطابق ٹیکنالوجی کی دنیا میں مقابلہ مسلسل بڑھ رہا ہے اور صارفین نئی سہولیات، پرائیویسی پالیسی اور ڈیٹا سکیورٹی جیسے عوامل کو مدنظر رکھ کر فیصلے کر رہے ہیں۔
چیٹ جی پی ٹی کی ریٹنگز میں بھی نمایاں تبدیلی دیکھی گئی ہے۔ سنسر ٹاور کے مطابق ایک اسٹار ریویوز میں ہفتے کے روز تقریباً 775 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ اگلے دن یہ تعداد مزید بڑھ گئی۔ اس کے برعکس پانچ اسٹار ریٹنگز میں تقریباً 50 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جو صارفین کے بدلتے رجحان کی نشاندہی کرتی ہے۔ٹیک ماہرین کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں یہ واضح ہوگا کہ آیا یہ رجحان وقتی ردعمل ہے یا طویل المدتی تبدیلی۔ اگر صارفین کی بڑی تعداد متبادل پلیٹ فارمز کی طرف منتقل ہوتی ہے تو مصنوعی ذہانت کی عالمی مارکیٹ میں طاقت کا توازن بھی متاثر ہو سکتا ہے۔
