پیرول ختم، شرجیل امام دہلی روانہ، آج تہاڑ جیل میں خودسپردگی متوقع
نئی دہلی / بہار: دہلی فسادات کیس میں زیرِ حراست طلبہ لیڈر شرجیل امام کی 10 روزہ پیرول مدت آج ختم ہو رہی ہے، جس کے بعد وہ تہاڑ جیل میں خودسپردگی کے لیے دہلی روانہ ہو چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وہ آج شام تک جیل حکام کے سامنے پیش ہو سکتے ہیں۔
شرجیل امام کو عدالت کی جانب سے محدود مدت کے لیے عبوری راحت دی گئی تھی تاکہ وہ اپنی بیمار والدہ کی عیادت کر سکیں اور اپنے چھوٹے بھائی کی شادی میں شرکت کر سکیں۔ یہ پیرول 20 مارچ سے 30 مارچ تک کے لیے منظور کیا گیا تھا۔
بہار کے اپنے آبائی گاؤں کاکو میں قیام کے دوران شرجیل نے مکمل طور پر میڈیا سے فاصلہ برقرار رکھا اور کوئی عوامی بیان جاری نہیں کیا۔ اس عرصے میں انہوں نے زیادہ وقت اپنے اہلِ خانہ اور قریبی عزیزوں کے ساتھ گزارا۔
ان کی دہلی روانگی کے موقع پر گھر والوں کا ماحول خاصا جذباتی نظر آیا۔ خاندان کے ایک قریبی رکن نے بتایا کہ قلیل مدت کے باوجود یہ وقت ان کے لیے بہت قیمتی رہا۔واضح رہے کہ شرجیل امام گزشتہ تقریباً 6 برس سے دہلی فسادات سے متعلق مقدمات میں جیل میں ہیں۔ ان کی پیرول صرف خاندانی وجوہات تک محدود تھی، جس کی مدت مکمل ہونے پر آج وہ دوبارہ جیل حکام کے حوالے ہو جائیں گے۔
