مغربی بنگال: خراب موسم کے باعث ممتا بنرجی کے طیارے کی ایک گھنٹہ تاخیر سے لینڈنگ، بڑا حادثہ ٹل گیا
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی ایک غیر معمولی صورتحال سے اس وقت گزریں جب خراب موسمی حالات کی وجہ سے ان کا طیارہ کولکاتا ایئرپورٹ پر وقت پر لینڈ نہیں کر سکا اور تقریباً ایک گھنٹے تک فضا میں گردش کرتا رہا۔ بعد میں موسم بہتر ہونے پر طیارے کو بحفاظت اتار لیا گیا، جس کے بعد سب نے راحت کی سانس لی۔
تفصیلات کے مطابق ممتا بنرجی دن بھر انتخابی مہم میں مصروف رہیں اور مغربی بردوان اور بیر بھوم کے مختلف علاقوں میں جلسوں سے خطاب کیا۔ ان پروگراموں کے بعد وہ کولکاتا واپس روانہ ہوئیں۔ ان کا طیارہ تقریباً ساڑھے تین بجے انڈال ایئرپورٹ سے اڑا اور شام چار بجے کے قریب کولکاتا پہنچنے کا شیڈول تھا۔
لیکن جب طیارہ کولکاتا کے نیتاجی سبھاش چندر بوس بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب پہنچا تو اس وقت شدید بارش اور تیز ہواؤں کے باعث لینڈنگ ممکن نہ ہو سکی۔ ایئر ٹریفک کنٹرول نے خراب موسم کی وجہ سے فوری اجازت نہیں دی، جس کے بعد طیارہ فضا میں ہی چکر لگاتا رہا۔
اس دوران پائلٹ مسلسل ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطے میں رہا۔ ذرائع کے مطابق اگر موسم مزید خراب رہتا تو طیارے کو کسی دوسرے قریبی ہوائی اڈے پر اتارنے کا بھی امکان تھا۔تاہم کچھ وقت بعد موسم میں بہتری آئی اور لینڈنگ کی اجازت دے دی گئی۔ طیارہ شام تقریباً پانچ بج کر انیس منٹ پر بحفاظت زمین پر اتر گیا۔ ہوائی اڈے کے حکام کے مطابق خراب موسم کے سبب کچھ دیر کے لیے پروازوں کا نظام بھی متاثر ہوا اور تقریباً بیس منٹ تک آپریشن عارضی طور پر روکنا پڑا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ صرف یہی پرواز متاثر نہیں ہوئی بلکہ دیگر کئی طیارے بھی تاخیر کا شکار ہوئے۔ لینڈنگ کے بعد ممتا بنرجی بغیر میڈیا سے بات کیے اپنی رہائش گاہ کے لیے روانہ ہو گئیں۔
واضح رہے کہ ریاست میں آئندہ ماہ اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں، جس کے باعث سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ اس واقعے نے وقتی طور پر تشویش پیدا کی، تاہم خوش قسمتی سے کوئی بڑا حادثہ پیش نہیں آیا۔
