اترپردیش میں بدھ کے روز آنے والی شدید آندھی، موسلادھار بارش اور بجلی گرنے کے واقعات نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔ خراب موسم کے باعث مختلف اضلاع میں کم از کم 96 افراد کی موت ہو گئی جبکہ متعدد افراد زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ سب سے زیادہ متاثر وارانسی، پریاگ راج اور کانپور ڈویزن رہے جہاں درجنوں خاندان اس قدرتی آفت سے متاثر ہوئے۔
تیز ہواؤں کے سبب کئی علاقوں میں درخت اور بجلی کے کھمبے گر گئے جس سے بجلی سپلائی بری طرح متاثر ہوئی۔ دیہی علاقوں میں کچے مکانات، ٹین شیڈ اور فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ سڑکوں پر گرے درختوں اور ملبے کی وجہ سے ٹریفک بھی کئی گھنٹوں تک متاثر رہی۔
ریلوے نظام پر بھی اس خراب موسم کا گہرا اثر دیکھا گیا۔ دہلی-ہاوڑا ریلوے روٹ پر تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک ٹرین سروس متاثر رہی جبکہ فتح پور میں درخت گرنے سے او ایچ ای لائن ٹوٹ گئی۔ اس واقعہ کے بعد کانپور روٹ سے گزرنے والی 22 ٹرینیں متاثر ہوئیں۔ کئی دیگر ریلوے سیکشنز پر بھی ٹرینوں کی آمد و رفت عارضی طور پر بند رہی۔
وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے تمام ضلع مجسٹریٹوں کو فوری راحتی کام شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو 24 گھنٹے کے اندر امداد اور معاوضہ فراہم کیا جائے۔ ساتھ ہی افسران کو خبردار کیا گیا ہے کہ راحتی کام میں کسی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
محکمہ موسمیات نے اگلے چند دنوں تک مزید بارش اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی ہے، جس کے بعد ریاستی انتظامیہ کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔
