حج 2026 کے سلسلے میں سعودی عرب میں ہندوستان کے سفیر سہیل خان نے مکہ مکرمہ کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہندوستانی عازمینِ حج کے لیے کیے گئے انتظامات اور سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے مدینہ سے حرمین ہائی اسپیڈ ٹرین کے ذریعے مکہ پہنچنے والے ہندوستانی حجاج کے پہلے قافلے کا استقبال بھی کیا۔
اس دورے کے دوران جدہ میں ہندوستان کے قونصل جنرل فہد سوری اور قونصل برائے حج صدف چودھری بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ بھارتی سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اس دورے کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اس سال بڑی تعداد میں ہندوستانی زائرین مکہ، مدینہ اور جدہ کے درمیان سفر کے لیے حرمین ہائی اسپیڈ ریلوے سے فائدہ اٹھائیں گے۔
Continuing his tour of Makkah, Ambassador Dr. Suhel Khan, along with Consul General @CGIJeddah Shri Fahad Suri and Consul Haj Ms. Sadaf Choudhary, visited Arafat to inspect pilgrim facilities. All pilgrims spend a day in Arafat during Haj, which is considered the most significant… pic.twitter.com/fMjVVMkikT
— India in Saudi Arabia (@IndianEmbRiyadh) April 26, 2026
حکام کے مطابق اس جدید ٹرین سروس سے عازمینِ حج کا سفر زیادہ تیز، محفوظ اور آرام دہ ہوگا، جس سے وقت کی بچت کے ساتھ سفری مشکلات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔
یاد رہے کہ 18 اپریل کو حج 2026 کے پہلے قافلے نے دہلی ایئرپورٹ سے سعودی عرب کے لیے روانگی اختیار کی تھی۔ اس موقع پر دہلی حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں بھی موجود تھیں۔
اس سال حج کے لیے کئی نئی سہولیات متعارف کرائی گئی ہیں۔ ان میں ’حج سہولت ایپ‘ کے ذریعے ڈیجیٹل خدمات، ’حج سہولت اسمارٹ بینڈ‘، بہتر طبی سہولیات، شکایت ازالہ نظام، اور حقیقی وقت میں عازمین کی نگرانی شامل ہیں۔ اسمارٹ بینڈ کے ذریعے گمشدہ عازمین کو تلاش کرنا اور فوری مدد فراہم کرنا آسان ہوگا۔
مزید سہولت کے لیے تقریباً 20 دن کے مختصر حج پیکیج کا بھی آغاز کیا گیا ہے، جبکہ ہر عازمِ حج کے لیے بیمہ کوریج بڑھا کر تقریباً 6.25 لاکھ روپے کر دی گئی ہے تاکہ سفر کے دوران صحت اور مالی تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
تقریباً 60 ہزار ہندوستانی عازمینِ حج کو مکہ اور مدینہ کے درمیان ہائی اسپیڈ ٹرین کے ذریعے سفر کی سہولت دی جائے گی۔ اس کے علاوہ مکہ مکرمہ میں بہتر رہائش، ہوٹل جیسی سہولیات، نقل و حمل کے مضبوط انتظامات اور مجموعی طور پر ایک محفوظ و آرام دہ حج سفر کو یقینی بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔
