ممبئی کے پایدھونی علاقے سے ایک انتہائی افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں مبینہ فوڈ پوائزننگ کے باعث ایک ہی خاندان کے چار افراد کی جان چلی گئی۔ عبداللہ ڈوکاڈیا، ان کی اہلیہ نسرین اور دو کمسن بیٹیوں کی طبیعت رات کا کھانا کھانے کے بعد اچانک بگڑ گئی، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن علاج کے دوران چاروں دم توڑ گئے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 40 سالہ عبداللہ ڈوکاڈیا، 35 سالہ نسرین ڈوکاڈیا، 16 سالہ عائشہ اور 13 سالہ زینب شامل ہیں۔ اہل خانہ کے ایک فرد نے پولیس کو بتایا کہ رات کے کھانے میں سب نے پہلے بریانی کھائی تھی اور کچھ دیر بعد تربوز کھایا تھا۔ کھانے کے تھوڑی ہی دیر بعد سب کی طبیعت خراب ہونے لگی، جس سے گھر میں افراتفری مچ گئی۔
اہل خانہ نے فوری طور پر سب کو اسپتال پہنچایا، مگر حالت زیادہ خراب ہونے کے باعث ڈاکٹروں کی تمام کوششیں ناکام رہیں اور ایک ایک کرکے چاروں افراد کی موت ہو گئی۔ اس دل دہلا دینے والے واقعے کے بعد پورے علاقے میں غم اور افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ممبئی پولیس کے ایک سینئر افسر کے مطابق معاملہ نہایت حساس ہے اور ہر پہلو سے تفتیش جاری ہے۔ پولیس یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ آیا کھانے میں کوئی زہریلا مادہ شامل تھا یا بریانی اور تربوز کے استعمال کے بعد کوئی سنگین طبی ردعمل سامنے آیا۔
فی الحال پولیس نے حادثاتی موت کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے، جس کے بعد ہی موت کی اصل وجہ واضح ہو سکے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ رپورٹ آنے کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
