نیپال کے دارالحکومت کاٹھمنڈو میں واقع تریبھون انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ترکیے ایئرلائنس کا ایک مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوتے ہوتے بچ گیا۔ استنبول سے آنے والی پرواز کے ٹائر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث ایئرپورٹ پر کچھ دیر کے لیے افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ تاہم فوری کارروائی کے باعث ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔
Turkish Airlines aircraft’s tyres caught fire while landing at Tribhuvan International Airport in Kathmandu, Nepal. All passengers and crew were safely evacuated, police say. – ANI@ScopeReport_ pic.twitter.com/ZxL3ZLF3wR
— Open Source Intel (@Osint613) May 11, 2026
ایئرپورٹ حکام کے مطابق واقعہ پیر کی صبح تقریباً 6 بج کر 45 منٹ پر پیش آیا۔ طیارہ جیسے ہی رن وے پر اترا، اس کے ایک ٹائر سے دھواں اٹھنے لگا اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ لگ گئی۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور چند ہی منٹوں میں آگ پر قابو پا لیا گیا۔
پولیس اور ایئرپورٹ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ طیارے میں 278 مسافر اور 11 عملے کے افراد سوار تھے، جنہیں محفوظ طریقے سے باہر نکال لیا گیا۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ حکام کے مطابق مسافروں میں اقوام متحدہ کے بعض اہلکار بھی شامل تھے۔
حادثے کے بعد کچھ دیر کے لیے ایئرپورٹ کا فضائی آپریشن متاثر ہوا کیونکہ طیارہ رن وے پر ہی کھڑا رہا، تاہم بعد میں صورتحال معمول پر آ گئی اور پروازوں کی آمد و رفت دوبارہ بحال کر دی گئی۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔
