دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ہفتہ کی صبح اس وقت ہلچل مچ گئی جب انڈیگو کی ایک پرواز نے دورانِ پرواز انجن فیل ہونے کے بعد مکمل ایمرجنسی کا اعلان کر دیا۔ تاہم پائلٹ کی حاضر دماغی اور ایئرپورٹ حکام کی فوری کارروائی کے باعث ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔
ذرائع کے مطابق، وشاکھاپٹنم سے دہلی آنے والی انڈیگو کی پرواز 6E-579 کا ایک انجن فضا میں ہی اچانک خراب ہو گیا، جس کے بعد پائلٹ نے فوری طور پر ایمرجنسی لینڈنگ کا فیصلہ کیا۔ طیارے میں عملے سمیت 161 افراد سوار تھے۔
ایمرجنسی اعلان کے فوراً بعد دہلی ایئرپورٹ پر ریسکیو ٹیمیں، فائر بریگیڈ اور ایمبولینسز کو الرٹ کر دیا گیا اور رن وے پر تعینات کر دیا گیا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
طیارے نے انتہائی مہارت کے ساتھ صرف ایک انجن پر محفوظ لینڈنگ کی، جس کے نتیجے میں تمام مسافر اور عملہ محفوظ رہے۔ حکام کے مطابق طیارے میں کسی قسم کا خطرناک سامان موجود نہیں تھا، جو ایک بڑی راحت کی بات ہے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق انجن میں شدید کمپن کے بعد خرابی پیدا ہوئی، جس کے باعث انجن بند ہو گیا۔ واقعے کے بعد طیارے کو فوری طور پر گراؤنڈ کر دیا گیا ہے اور تکنیکی ٹیم اس کی مکمل جانچ میں مصروف ہے۔ماہرین کے مطابق، بوئنگ 737-800 جیسے طیاروں کو اس طرح کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے خصوصی تربیت دی جاتی ہے، تاہم ایک انجن پر لینڈنگ ایک نہایت حساس اور مہارت طلب عمل ہوتا ہے۔حکام نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ اس دوران کچھ دیر کے لیے ایئرپورٹ پر معمولات متاثر رہے۔
