ایودھیا سے واپسی پر خوفناک حادثہ، عقیدتمندوں سے بھری بس درخت سے ٹکرا گئی، 40 افراد زخمی، کئی کی حالت نازک
مئو (اترپردیش): ایودھیا سے درشن اور مذہبی پروگرام میں شرکت کے بعد واپس لوٹ رہے عقیدتمندوں کی خوشیوں بھری واپسی اس وقت ماتم میں بدل گئی جب ان کی بس رات کے اندھیرے میں حادثے کا شکار ہوگئی۔ اطلاعات کے مطابق مئو ضلع میں ایک تیز رفتار بس اچانک بے قابو ہو کر سڑک کنارے کھڑے درخت سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں تقریباً 40 مسافر زخمی ہوگئے، جن میں کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
یہ حادثہ رات تقریباً ڈیڑھ بجے ہلدھر پور تھانہ علاقے کے رتن پورہ–مبارک پور روڈ پر پیش آیا۔ بس میں سوار تمام افراد شری لکشمی نارائن مہایگیہ میں شرکت کے بعد ایودھیا سے بلیا واپس جا رہے تھے۔ حادثے کے وقت زیادہ تر مسافر نیند میں تھے، جس کی وجہ سے وہ خود کو سنبھال نہ سکے اور بڑی تعداد میں زخمی ہوگئے۔ٹکر اتنی شدید تھی کہ بس کا اگلا حصہ بری طرح تباہ ہوگیا۔ حادثے کے فوراً بعد موقع پر چیخ و پکار مچ گئی، جس پر قریبی دیہات کے لوگ مدد کے لیے پہنچ گئے۔ مقامی افراد نے ریسکیو آپریشن شروع کرتے ہوئے زخمیوں کو بس سے نکالا اور فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا۔
ابتدائی علاج کے لیے زخمیوں کو کمیونٹی ہیلتھ سینٹر جوگاپور لے جایا گیا، جہاں سے سنگین حالت کے پیش نظر کئی افراد کو ضلع اسپتال مئو ریفر کر دیا گیا۔ زخمیوں میں خواتین، بچے اور بزرگ بھی شامل ہیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور مزید کارروائی شروع کر دی۔ حکام کے مطابق حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، تاہم ابتدائی طور پر بس کے بے قابو ہونے کو سبب بتایا جا رہا ہے۔
