پورٹ بلیئر: جزائرِ انڈمان و نکوبار کے مسجد النور میں بعد نمازِ مغرب ایک پُراثر خطاب کرتے ہوئے مولانا محمود مدنی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا اور اسے بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے جن کا احاطہ ممکن نہیں۔ انہوں نے قرآن کریم کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ انسان کے جسم اور اس کے اردگرد اللہ کی بے شمار نعمتیں موجود ہیں، جیسے آنکھ، کان، زبان، دل اور دماغ۔
انہوں نے کہا کہ جدید میڈیکل اور نیورو سائنس کی حیران کن ترقی کے باوجود انسانی دماغ کے کئی راز اب بھی پوشیدہ ہیں، جو خالق کی قدرت کی عظمت کو ظاہر کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ تمام نعمتوں میں سب سے بڑی نعمت ایمان ہے، کیونکہ دنیا میں بہت سے لوگ علم و صلاحیت میں آگے ہونے کے باوجود اس نعمت سے محروم ہیں، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ ایمان اللہ کا خاص انعام ہے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے واضح کیا کہ اسلام دین اور دنیا کو الگ نہیں کرتا بلکہ زندگی کے ہر شعبے کو دین کے مطابق ڈھالنے کی تعلیم دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دنیا سے کنارہ کشی نہیں بلکہ اسے بہتر بنانے اور سنوارنے کا پیغام دیتا ہے، اور شادی، تجارت، رشتہ داری اور اولاد کی تربیت سب دین کا حصہ ہیں۔
انہوں نے تاجروں کو نصیحت کی کہ دیانت داری، سچائی اور امانت کے ساتھ کاروبار کرنا بھی عبادت ہے، جبکہ رشتہ داری کو جوڑنا ایک عظیم عمل ہے جو دنیا و آخرت میں کامیابی کا ذریعہ بنتا ہے۔ اس کے برعکس تعلقات توڑنا نقصان کا سبب بنتا ہے۔
مزید کہا کہ اولاد ایمان کے بعد انسان کا سب سے قیمتی سرمایہ ہے اور موجودہ دور میں نسلوں کے درمیان بڑھتا ہوا فاصلہ ایک بڑا چیلنج ہے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کی دینی و اخلاقی تربیت پر توجہ دیں اور ان کے ساتھ محبت اور قربت کا رویہ اختیار کریں، نہ کہ صرف حکم چلائیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بیوی، بچے، رشتہ دار، کمزور افراد حتیٰ کہ جانوروں کے حقوق کی ادائیگی بھی دین کا اہم حصہ ہے، اور گھریلو زندگی میں نرمی، محبت اور حسنِ سلوک کو فروغ دینا ضروری ہے کیونکہ رحمت کا آغاز گھر سے ہوتا ہے۔
