مشرق وسطیٰ کشیدگی کا اثر، ایئر انڈیا نے فیول سرچارج بڑھانے کا اعلان
مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال کے باعث عالمی سطح پر ہوائی ایندھن کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اس صورتحال کے اثرات اب فضائی سفر کرنے والے مسافروں پر بھی پڑنے لگے ہیں۔ ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے بوجھ کو کم کرنے کے لیے ایئر انڈیا گروپ نے اپنی پروازوں پر فیول سرچارج میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ایئر انڈیا کے اعلان کے مطابق اس فیصلے کے بعد ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس کی گھریلو اور بین الاقوامی پروازوں کے ٹکٹ مہنگے ہو جائیں گے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ سرچارج میں اضافہ ایک ہی بار میں نہیں بلکہ تین مختلف مراحل میں نافذ کیا جائے گا تاکہ مسافروں پر اچانک بوجھ نہ پڑے۔
Air India announced phased fuel surcharge increases from March 12th, 2026, citing rising jet fuel prices and Gulf tensions. Domestic, regional, and long-haul routes affected; earlier issued tickets remain exempt. pic.twitter.com/Mrju6bPGHR
— Press Trust of India (@PTI_News) March 10, 2026
ایئر لائن کے مطابق عالمی حالات کے سبب ایندھن کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ فضائی کمپنیوں کے مجموعی اخراجات میں تقریباً 40 فیصد حصہ ایندھن پر خرچ ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ ہندوستان میں ایوی ایشن ٹربائن فیول (ATF) پر زیادہ ایکسائز ڈیوٹی اور ویٹ کی وجہ سے بھی ایئرلائنز کے اخراجات بڑھ جاتے ہیں، جس کے باعث کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہو جاتا ہے۔
پہلا مرحلہ – 12 مارچ سے نافذہوگا
فیول سرچارج کا پہلا مرحلہ 12 مارچ سے نئی بکنگ پر لاگو ہوگا۔
گھریلو پروازوں کے لیے: 399 روپے
قریبی ممالک کے لیے: 399 روپے
مغربی ایشیا / مشرق وسطیٰ: 10 ڈالر
جنوب مشرقی ایشیا: 40 ڈالر سے بڑھ کر 60 ڈالر
افریقہ: 60 ڈالر سے بڑھ کر 90 ڈالر
سنگاپور روٹ پر جہاں پہلے کوئی سرچارج نہیں تھا، اب یہ بھی نافذ ہوگا۔
دوسرا مرحلہ – 18 مارچ سے
فیول سرچارج کا دوسرا مرحلہ 18 مارچ سے نافذ کیا جائے گا جس کے تحت:
یورپ کے لیے سرچارج 100 ڈالر سے بڑھ کر 125 ڈالر ہو جائے گا۔
نارتھ امریکہ کے لیے 150 ڈالر سے بڑھ کر 200 ڈالر۔
آسٹریلیا کے لیے بھی سرچارج 150 ڈالر سے بڑھ کر 200 ڈالر کر دیا جائے گا۔
تیسرا مرحلہ
تیسرے مرحلے میں ہانگ کانگ، جاپان اور جنوبی کوریا کی پروازوں کے لیے سرچارج کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ایئر انڈیا نے واضح کیا ہے کہ 12 اور 18 مارچ سے پہلے بک کیے گئے ٹکٹوں پر نیا سرچارج لاگو نہیں ہوگا۔ تاہم اگر مسافر اپنی بکنگ کی تاریخ یا روٹ میں تبدیلی کرتے ہیں تو نئی قیمت اور سرچارج لاگو ہو سکتا ہے۔ایئر لائن کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں ایندھن کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، اور اگر یہ قدم نہ اٹھایا جاتا تو بعض پروازوں کو جاری رکھنا مشکل ہو سکتا تھا۔
