تلنگانہ کے محبوب نگر میں ہولناک سڑک حادثہ، بس اور کنٹینر کی ٹکر میں 3 افراد ہلاک، 11 زخمی
تلنگانہ کے محبوب نگر ضلع میں ہفتہ کے روز ایک دردناک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں تین افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ گیارہ دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب حیدرآباد سے تروپتی جانے والی تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (TGSRTC) کی ایک بس اچانک بے قابو ہو گئی اور ڈیوائیڈر عبور کر کے سامنے سے آنے والے کنٹینر سے ٹکرا گئی۔پولیس کے مطابق یہ حادثہ موسا پیٹ ڈویژن کے کومیریڈی پلی کے قریب پیش آیا۔ بس حیدرآباد سے تروپتی کی سمت جا رہی تھی کہ اچانک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر مخالف سمت میں داخل ہو گئی اور سامنے سے آ رہے کنٹینر لاری سے زور دار ٹکر ہو گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ دونوں گاڑیوں کو کافی نقصان پہنچا۔
حادثے میں کنٹینر لاری کے ڈرائیور اور کلینر موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ بس ڈرائیور کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دورانِ علاج جانبر نہ ہو سکا۔ پولیس نے بتایا کہ بس میں سوار 11 مسافروں کو فوری طور پر علاج کے لیے محبوب نگر کے سرکاری جنرل اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق زخمیوں میں سے چند کی حالت اب بھی نازک بتائی جا رہی ہے۔
حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر افراتفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ مقامی لوگوں اور پولیس نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور بس میں پھنسے مسافروں کو نکالنے کے لیے کوششیں کیں۔ کئی مسافروں کو بس کے ایمرجنسی دروازے کے ذریعے باہر نکالا گیا، جبکہ ایمبولینس پہنچنے تک مقامی باشندوں نے زخمیوں کو محفوظ جگہ منتقل کرنے میں مدد کی۔اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور ٹریفک کو بحال کرتے ہوئے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی۔ ابتدائی جانچ میں اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ بس کے اچانک بے قابو ہونے کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔ پولیس نے متوفیوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی ہیں اور ان کے اہل خانہ کو اطلاع دے دی گئی ہے۔ واقعے کے بعد پورے علاقے میں افسوس کی فضا پائی جا رہی ہے جبکہ انتظامیہ نے زخمیوں کے بہتر علاج کے لیے اسپتال انتظامیہ کو ضروری ہدایات جاری کی ہیں۔
