ٹی-20 ورلڈ کپ 2026: بھارت کی شاندار فتح، نیوزی لینڈ کو 96 رن سے ہرا کر تیسری بار چیمپئن
احمد آباد: ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے ٹی-20 ورلڈ کپ 2026 کا فائنل جیت کر ایک بار پھر دنیا کو اپنی طاقت کا احساس دلا دیا۔ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس بڑے مقابلے میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو یک طرفہ مقابلے میں 96 رن سے شکست دے کر تیسری بار ٹی-20 ورلڈ کپ کی ٹرافی اپنے نام کر لی۔
اس تاریخی جیت کے ساتھ بھارت نہ صرف تین مرتبہ ٹی-20 ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم بن گیا بلکہ مسلسل دوسری بار یہ ٹائٹل جیتنے والی دنیا کی پہلی ٹیم بھی بن گیا۔فائنل میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوور میں 5 وکٹ کے نقصان پر 255 رن کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔ جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 19 اوور میں صرف 159 رن بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔نیوزی لینڈ کی بیٹنگ کا آغاز اچھا نہ رہا۔ اوپنر فن ایلن صرف 9 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ رچن رویندر بھی صرف ایک رن بنا سکے۔ اس کے بعد گلین فلپس بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹک سکے اور 5 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ مارک چیپمین بھی صرف 3 رن بنا سکے۔
نیوزی لینڈ کی امیدیں ڈیرل مچل سے وابستہ تھیں لیکن وہ بھی صرف 17 رن بنا سکے۔ ٹم سیفرٹ نے ضرور جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 26 گیندوں پر 52 رن بنائے جن میں دو چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے، مگر وہ بھی ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔کپتان مچل سینٹنر نے 35 گیندوں پر 43 رن بنا کر کچھ مزاحمت دکھائی، مگر دوسری جانب وکٹیں گرتی رہیں اور پوری ٹیم 159 رن پر ڈھیر ہو گئی۔بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے زبردست گیند بازی کرتے ہوئے چار اوور میں صرف 15 رن دے کر چار اہم وکٹ حاصل کیں اور نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن کو بکھیر کر رکھ دیا۔ اکشر پٹیل نے بھی شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے تین وکٹ حاصل کیں جبکہ ہاردک پانڈیا اور ورون چکرورتی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل بھارت کی بیٹنگ بھی شاندار رہی۔ اوپنرز ابھیشیک شرما اور سنجو سیمسن نے ٹیم کو دھماکے دار آغاز دیا اور پہلے وکٹ کے لیے صرف 7 اوور میں 98 رن کی شراکت قائم کی۔
ابھیشیک شرما نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 21 گیندوں پر 52 رن بنائے۔ دوسری جانب سنجو سیمسن نے فائنل میں یادگار اننگز کھیلتے ہوئے 46 گیندوں پر 89 رن اسکور کیے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں 5 چوکے اور 8 چھکے لگائے اور فائنل کی سب سے بڑی انفرادی اننگز بھی کھیل ڈالی۔ایشان کشن نے بھی زبردست بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 25 گیندوں پر 54 رن بنائے اور ٹیم کے اسکور کو تیزی سے آگے بڑھایا۔ آخری اوورز میں شیوم دوبے نے صرف 8 گیندوں پر 26 ناٹ آؤٹ رن بنا کر بھارت کے اسکور کو 255 تک پہنچا دیا۔میچ کے بعد انعامات کی تقریب میں سنجو سیمسن کو پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ لمحہ ان کے لیے خواب کے پورا ہونے جیسا ہے۔دوسری جانب فائنل میں شاندار بولنگ کرنے والے جسپریت بمراہ کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔یوں شاندار بیٹنگ اور زبردست گیند بازی کی بدولت بھارت نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر ٹی-20 ورلڈ کپ 2026 کا تاج اپنے سر سجا لیا۔
