اندور میں خوفناک سانحہ — ای وی چارجنگ سے آگ بھڑکی، 6 افراد زندہ جل گئے
مدھیہ پردیش کے شہر اندور سے ایک انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں بدھ کی علی الصبح ایک گھر میں لگی بھیانک آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ صبح تقریباً 4 بجے پیش آیا، جب گھر کے باہر کھڑی ایک الیکٹرک گاڑی کو چارج کیا جا رہا تھا۔ اچانک چارجنگ پوائنٹ میں زوردار دھماکہ ہوا، جس کے بعد گاڑی میں آگ لگ گئی اور یہ آگ تیزی سے پورے گھر میں پھیل گئی۔حالات اس وقت مزید خطرناک ہو گئے جب گھر کے اندر موجود بڑی تعداد میں گیس سلنڈر بھی دھماکوں سے پھٹنے لگے۔ اندازہ ہے کہ مکان میں 10 سے زائد سلنڈر رکھے ہوئے تھے، جن میں سے کئی زور دار دھماکوں کے ساتھ پھٹ گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق صبح 4 سے 4:30 کے درمیان پولیس اور ریسکیو ٹیم کے سامنے ہی مزید 2 سے 3 دھماکے ہوئے، جس سے صورتحال انتہائی سنگین ہو گئی۔
یہ مکان منوج پگلیا نامی تاجر کا بتایا جا رہا ہے، جو پالیمر کے کاروبار سے وابستہ تھا۔ گھر میں کچھ آتش گیر کیمیکل بھی موجود تھے، جس کی وجہ سے آگ نے اور شدت اختیار کر لی۔ریسکیو آپریشن میں فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیاں، پولیس اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں شامل رہیں، جنہوں نے بڑی مشکل سے آگ پر قابو پایا۔ ابتدائی طور پر تین افراد کو زندہ نکال لیا گیا، تاہم بعد میں مزید چھ افراد کی لاشیں ملبے سے برآمد ہوئیں۔حکام کے مطابق گھر میں لگے الیکٹرانک لاکس بھی حادثے کی شدت کی ایک بڑی وجہ بنے۔ بجلی بند ہونے کے بعد یہ لاکس نہیں کھل سکے، جس کی وجہ سے کئی افراد کمروں میں ہی پھنس کر رہ گئے اور باہر نہیں نکل سکے۔یہ افسوسناک واقعہ اندور کے تلک نگر تھانہ علاقے کے پریتی نگر میں پیش آیا، جہاں اس سانحے نے پورے علاقے کو سوگ میں مبتلا کر دیا ہے۔ انتظامیہ اور اعلیٰ حکام موقع پر موجود رہ کر صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔
