اورنگ آباد: شادی کی خوشیاں ایک نوجوان کے لیے زندگی بھر کا درد بن گئیں، جب تقریب کے دوران کی گئی آتش بازی کا پٹاخہ سیدھا اس کی آنکھ پر آ گرا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا اور ایک آنکھ کی بینائی ہمیشہ کے لیے ختم ہو گئی۔
پولیس کے مطابق رانجنگاؤں شینا پونجی کے رہنے والے ویدانت شنکر انگڑے نے شکایت درج کرواتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے گھر کی گیلری میں کھڑا تھا۔ اسی دوران محلے میں بوراڈے خاندان کی شادی کی تقریب جاری تھی، جہاں تیز موسیقی کے ساتھ بڑے پیمانے پر آتش بازی کی جا رہی تھی۔
شکایت کے مطابق اچانک ایک جلتا ہوا پٹاخہ اڑ کر اس کی آنکھ سے ٹکرا گیا، جس سے وہ بری طرح جھلس گیا۔ فوری طور پر اسے علاج کے لیے ایم جی ایم اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے آپریشن کیا، لیکن تمام کوششوں کے باوجود اس کی ایک آنکھ کو بچایا نہ جا سکا۔
واقعہ کے بعد والوج ایم آئی ڈی سی پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم انکیت بوراڈے کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ پولیس مختلف دفعات کے تحت معاملے کی جانچ کر رہی ہے جبکہ ہیڈ کانسٹیبل مونارے اس کیس کی تفتیش انجام دے رہے ہیں۔
مقامی شہریوں نے اس واقعہ کے بعد شادیوں اور دیگر تقریبات میں غیر محفوظ آتش بازی پر سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے انتظامیہ سے سخت قوانین نافذ کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک حادثات سے بچا جا سکے۔
