سریلی آواز خاموش! لیجنڈری گلوکارہ آشا بھوسلے کا 92 برس کی عمر میں انتقال
ممبئی: برصغیر کی موسیقی ایک درخشاں ستارے سے محروم ہو گئی۔ معروف گلوکارہ آشا بھوسلے 92 برس کی عمر میں اس دنیا سے رخصت ہو گئیں۔ سات دہائیوں سے زائد عرصے تک اپنی دلکش اور منفرد آواز سے سامعین کو مسحور کرنے والی یہ عظیم فنکارہ اتوار کے روز انتقال کر گئیں۔
ذرائع کے مطابق ہفتہ (11 اپریل) کو طبیعت خراب ہونے پر انہیں ممبئی کے بریچ کینڈی ہسپتال میں داخل کیا گیا، جہاں ہنگامی طبی شعبہ میں ان کا علاج جاری تھا۔ دنیا بھر میں موجود مداح ان کی صحتیابی کے لیے دعاگو تھے، مگر وہ جانبر نہ ہو سکیں۔ ان کے بیٹے آنند بھوسلے نے ان کے انتقال کی تصدیق کی۔
#WATCH | Mumbai: Legendary singer Asha Bhosle's son, Anand Bhosle says, "My mother passed away today. People can pay their last respects to her at 11 am tomorrow at Casa Grande, Lower Parel, where she lived. Her last rites will be performed at 4 pm tomorrow at Shivaji Park." https://t.co/enJlEizboY pic.twitter.com/4WqTd9HYxg
— ANI (@ANI) April 12, 2026
Legendary singer Asha Bhosle passed away at Breach Candy Hospital in Mumbai at the age of 92, confirms her son Anand Bhosle.
She was admitted here due to extreme exhaustion and a chest infection. pic.twitter.com/UHGwMD7h9H
— ANI (@ANI) April 12, 2026
اہلِ خانہ کے مطابق انہیں شدید کمزوری اور سینے کے انفیکشن کی شکایت تھی۔ جیسے ہی ان کی علالت کی خبر پھیلی، مداحوں کی بڑی تعداد اسپتال اور ان کی رہائش گاہ کے باہر جمع ہو گئی۔ سب کو امید تھی کہ وہ صحت یاب ہو جائیں گی، لیکن یہ امید پوری نہ ہو سکی۔
آشا بھوسلے کی آخری رسومات پیر (13 اپریل) کو ادا کی جائیں گی۔ ان کا جسدِ خاکی صبح 11 بجے لوئر پریل میں واقع ان کی رہائش گاہ پر آخری دیدار کے لیے رکھا جائے گا، جبکہ شام 4 بجے ممبئی کے شیواجی پارک میں انہیں سپردِ آتش کیا جائے گا۔ اسی مقام پر اس سے قبل ان کی بہن لتا منگیشکر کی بھی آخری رسومات ادا کی گئی تھیں۔
8 ستمبر 1933 کو ایک فنکار گھرانے میں پیدا ہونے والی آشا بھوسلے، معروف کلاسیکی گلوکار اور اداکار دینا ناتھ منگیشکر کی بیٹی تھیں۔ کم عمری میں والد کے انتقال کے بعد انہوں نے اپنی بڑی بہن لتا منگیشکر کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے موسیقی کے میدان میں قدم رکھا۔
انہوں نے اپنے فنی سفر کا آغاز مراٹھی فلم “ماجھا بال” (1943) سے کیا، جبکہ ہندی فلموں میں ان کی پہلی آواز فلم “چنریا” (1948) میں سنائی دی۔ اس کے بعد ان کا طویل اور شاندار سفر انہیں موسیقی کی دنیا کے بلند ترین مقام تک لے گیا، جہاں وہ ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
