دہلی کے اتم نگر میں ہولناک آتشزدگی، تقریباً 400 جھگیاں جل کر تباہ
مغربی دہلی کے علاقے اتم نگر کے مٹیالا میں بدھ کی دیر رات ایک خوفناک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں جھگی بستی کی تقریباً 400 جھگیاں جل کر خاکستر ہو گئیں۔ آگ کے شعلے اتنے بلند تھے کہ دور دور تک دکھائی دے رہے تھے اور کئی گھنٹوں تک پورے علاقے میں افرا تفری کا ماحول رہا۔اطلاعات کے مطابق رات تقریباً 11 بجے مٹیالا کی مچھلی منڈی کے قریب واقع جھونپڑیوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے شدت اختیار کر لی اور تیزی سے آس پاس کی جھگیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کے شعلوں اور گھنے دھوئیں نے آسمان کو سرخ کر دیا جس سے مقامی لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ابتدا میں چند جھگیوں سے دھواں اٹھتا دکھائی دیا، مگر تھوڑی ہی دیر میں آگ نے خطرناک شکل اختیار کر لی۔ چونکہ جھگیاں ایک دوسرے کے بالکل قریب بنی ہوئی تھیں اس لیے آگ بہت تیزی سے پھیل گئی۔ کئی خاندان اپنی جان بچانے کے لیے فوراً باہر نکل آئے لیکن زیادہ تر لوگ اپنا سامان تک نہ بچا سکے اور ان کا سب کچھ جل کر راکھ ہو گیا۔فائر کنٹرول روم کو رات 11 بج کر 54 منٹ پر آگ لگنے کی اطلاع ملی جس کے بعد فائر بریگیڈ کی گاڑیاں فوراً موقع پر پہنچ گئیں۔ آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے تقریباً 25 فائر انجن موقع پر تعینات کیے گئے۔ فائر فائٹرز نے کئی گھنٹوں کی مسلسل کوشش کے بعد آخر کار رات تقریباً 3 بج کر 25 منٹ پر آگ پر قابو پا لیا۔اس حادثے میں سینکڑوں خاندانوں کا سامان جل کر تباہ ہو گیا، تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ حکام نے واقعے کی جانچ شروع کر دی ہے اور آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
