اتر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ کے ہیلی کاپٹر کو آج لکھنؤ ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرانی پڑی۔ وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوشامبی جا رہے تھے کہ اچانک دورانِ پرواز تکنیکی خرابی پیدا ہو گئی، جس کے باعث صورتحال کچھ دیر کے لیے تشویشناک بن گئی۔ اطلاعات کے مطابق ہیلی کاپٹر کے ڈسپلے سسٹم نے اچانک کام کرنا بند کر دیا اور کیبن کے اندر دھواں بھی بھرنے لگا۔ تاہم پائلٹ کی بروقت سمجھ داری کے باعث ہیلی کاپٹر کو بحفاظت زمین پر اتار لیا گیا۔ نائب وزیر اعلیٰ اور ان کے ساتھ موجود سیکورٹی اہلکار ایمرجنسی لینڈنگ کے بعد مکمل طور پر محفوظ ہیں۔ بعد ازاں وہ سڑک کے راستے کوشامبی کے لیے روانہ ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ لکھنؤ سے کوشامبی کے لیے ہیلی کاپٹر میں روانہ ہوئے تھے۔ پرواز کے کچھ ہی دیر بعد پائلٹ کو ہیلی کاپٹر میں تکنیکی خرابی کا احساس ہوا۔ حفاظتی نقطۂ نظر سے فوری فیصلہ لیتے ہوئے ہیلی کاپٹر کو دوبارہ لکھنؤ ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ لینڈنگ کے وقت ہیلی کاپٹر کے اندر دھواں موجود تھا، جس کی وجہ سے کچھ لمحوں کے لیے عملے میں بھی تشویش پیدا ہو گئی تھی۔ تاہم خوش قسمتی سے ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد محفوظ رہے اور کسی کو بھی کسی قسم کی چوٹ نہیں آئی۔
نائب وزیر اعلیٰ کے ہیلی کاپٹر میں خرابی کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ اور سیکورٹی سے متعلق افسران فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔ تکنیکی ماہرین کی ٹیم اب ہیلی کاپٹر میں پیدا ہونے والی خرابی کی تفصیلی جانچ کر رہی ہے۔ ایمرجنسی لینڈنگ کے دوران ایئرپورٹ پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ جیسے ہی ہیلی کاپٹر زمین پر اترا، سیکورٹی اور تکنیکی ٹیموں نے اسے فوراً اپنے گھیرے میں لے لیا اور نائب وزیر اعلیٰ کو محفوظ مقام تک منتقل کر دیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے کے بعد فضائی سلامتی کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہیلی کاپٹر کی مکمل تکنیکی جانچ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ہیلی کاپٹر میں اچانک یہ خرابی کیوں پیدا ہوئی اور کیبن میں دھواں کس وجہ سے پھیلا۔
