دہلی: ملک کی راجدھانی دہلی میں جمعرات (5 مارچ) کی صبح آگ لگنے کا ایک بڑا واقعہ پیش آیا۔ رِٹھالا میٹرو اسٹیشن کے قریب واقع کچی بستی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس سے علاقے میں ہڑکمپ مچ گیا۔ آگ اتنی تیز تھی کہ دیکھتے ہی دیکھتے کئی جھگیاں اس کی لپیٹ میں آ گئیں۔فائر بریگیڈ کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع صبح تقریباً 4:15 بجے ملی۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیمیں حرکت میں آ گئیں اور تقریباً 15 گاڑیاں موقع پر روانہ کی گئیں۔ جائے وقوعہ پر پہنچ کر فائرفائٹرز نے آگ بجھانے کا کام شروع کر دیا۔
آگ بجھانے کے دوران فائر بریگیڈ کو کافی مشکل کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ جھگیوں میں آتش گیر سامان موجود تھا اور زیادہ تر جھونپڑیاں ایک دوسرے کے قریب بنی ہوئی تھیں، جس کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیل گئی۔ تاہم کئی گھنٹوں کی محنت کے بعد آگ پر بڑی حد تک قابو پا لیا گیا۔
Delhi: A fire broke out in the jhuggi area of Rithala. Fire tenders rushed to the spot after the alert and are engaged in firefighting and rescue operations pic.twitter.com/yhMIl8i8fK
— IANS (@ians_india) March 5, 2026
واقعہ کے وقت زیادہ تر لوگ سو رہے تھے، لیکن آگ کی لپٹیں دیکھ کر مقامی لوگ فوراً باہر نکل آئے۔ آس پاس کے لوگوں نے بھی ایک دوسرے کی مدد کرتے ہوئے لوگوں کو محفوظ جگہوں پر پہنچایا۔خوش آئند بات یہ ہے کہ اس واقعے میں اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ البتہ آگ کی وجہ سے کئی خاندانوں کا سامان جل کر خاک ہو گیا جس سے لاکھوں روپے کے نقصان کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس آگ میں تقریباً 50 جھگیاں جل کر تباہ ہو گئی ہیں۔ آگ لگنے کی اصل وجہ ابھی سامنے نہیں آئی ہے۔ فائر بریگیڈ اور مقامی انتظامیہ اس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ فی الحال آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر موجود رہ کر صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انتظامیہ کی طرف سے متاثرہ خاندانوں کو مدد فراہم کرنے کی تیاری بھی کی جا رہی ہے۔
