آبنائے ہرمز کے قریب مال بردار کشتی میں آگ، ایک ہندوستانی ملاح ہلاک، 17 افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا
آبنائے ہرمز کے قریب جمعہ کے روز ایک افسوسناک بحری حادثہ پیش آیا، جب ایک لکڑی کی مال بردار کشتی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ تیزی سے پھیلنے کے بعد کشتی بے قابو ہو گئی اور کچھ ہی دیر میں سمندر میں ڈوب گئی۔ حادثے میں ایک ہندوستانی ملاح جان کی بازی ہار گیا، جبکہ چار دیگر ہندوستانی زخمی ہو گئے۔ کشتی پر کل 18 ہندوستانی عملہ کے افراد موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق قریب سے گزرنے والے ایک دوسرے جہاز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 17 افراد کو بحفاظت نکال لیا۔ زخمیوں کو علاج کے لیے دبئی منتقل کیا گیا ہے، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ ہندوستانی قونصل خانے کے حکام نے متاثرہ افراد سے ملاقات کر کے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ لکڑی کا ڈھو عام تجارتی سامان لے جا رہا تھا۔ آگ لگنے کی اصل وجہ ابھی تک سامنے نہیں آ سکی اور متعلقہ حکام اس کی جانچ کر رہے ہیں۔ یہ حادثہ دنیا کے اہم ترین سمندری راستوں میں شمار ہونے والے آبنائے ہرمز کے قریب پیش آیا، جہاں سے عالمی سطح پر تیل کی بڑی مقدار منتقل کی جاتی ہے۔
دوسری جانب اسی علاقے میں حالیہ دنوں ایک چینی تیل بردار ٹینکر میں آگ لگنے کے واقعہ نے بھی تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔ چینی میڈیا رپورٹس کے مطابق ’جے وی اینوویشنل‘ نامی ٹینکر کے ڈیک پر اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی۔ یہ جہاز تیل اور کیمیکل لے جا رہا تھا اور مارشل آئی لینڈز کے پرچم تلے چل رہا تھا۔
173 میٹر طویل اس ٹینکر پر 22 افراد سوار تھے، جن میں کئی چینی شہری بھی شامل تھے۔ جہاز کے چیف انجینئر کے مطابق ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا کہ واقعہ کسی حملے کا نتیجہ تھا یا محض حادثہ۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم عملہ شدید خوف و ہراس کا شکار بتایا جا رہا ہے۔
