گریٹر نوئیڈا میں بڑا انکشاف: پٹرول کی جگہ پانی بھرنے کا الزام، گاڑیاں راستے میں بند، صارفین کا شدید احتجاج
گریٹر نوئیڈا، 5 اپریل:قومی راجدھانی سے ملحق گریٹر نوئیڈا کے ایک پٹرول پمپ پر مبینہ طور پر پٹرول کی جگہ پانی بھرنے کا سنگین معاملہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد متاثرہ صارفین میں شدید ناراضگی دیکھنے میں آئی اور موقع پر ہنگامہ کھڑا ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق یہ واقعہ سیکٹر پی آئی-1 کے ایک پٹرول پمپ پر پیش آیا، جہاں سے ایندھن بھروانے کے بعد تقریباً 25 سے زائد گاڑیاں کچھ ہی فاصلے پر جا کر اچانک بند ہو گئیں۔ متاثرہ گاڑیوں میں کاریں، موٹر سائیکلیں اور اسکوٹیاں شامل تھیں۔
گاڑیاں بند ہونے کے بعد مالکان نے میکینکس کو طلب کیا، جن کی جانچ میں انکشاف ہوا کہ فیول ٹینک میں پٹرول کے بجائے پانی موجود تھا۔ اس کے بعد صارفین نے ثبوت کے طور پر بوتلوں اور برتنوں میں پانی ملا ایندھن بھی دکھایا اور پمپ انتظامیہ پر شدید لاپرواہی کے الزامات عائد کیے۔
متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی وجہ سے ان کی گاڑیوں کے انجن کو شدید نقصان پہنچا ہے، حتیٰ کہ کچھ گاڑیاں انجن سیز ہونے کے قریب پہنچ گئیں۔ کئی لوگ ہریدوار، دہلی اور گڑگاؤں کے لیے سفر پر نکلے تھے، لیکن راستے میں گاڑیاں بند ہونے سے انہیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پٹرول پمپ پر بڑی تعداد میں لوگ جمع ہو گئے، جس سے وہاں افراتفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ ناراض صارفین نے سوشل میڈیا پر ویڈیوز بھی شیئر کیں، جو تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور حالات کو قابو میں کرتے ہوئے لوگوں کو پُرسکون کیا۔ متاثرہ افراد نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرول پمپ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، اس کا لائسنس منسوخ کیا جائے اور نقصان کا مکمل معاوضہ دیا جائے۔
فی الحال شکایات کی بنیاد پر متعلقہ حکام نے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے اور مزید کارروائی رپورٹ آنے کے بعد متوقع ہے۔
