ٹیک آف کے چند لمحوں بعد انجن فیل، مسافروں سمیت جہاز کی محفوظ لینڈنگ دہلی سے لیہہ کے لیے روانہ ہونے والی اسپائس جیٹ کی ایک پرواز کو ٹیک آف کے چند ہی منٹ بعد واپس اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ پرواز کے دوران اچانک فنی خرابی سامنے آنے کے بعد پائلٹس نے بروقت فیصلہ کرتے ہوئے طیارے کو بحفاظت دہلی واپس لے آئے۔ذرائع کے مطابق اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد عملے کو طیارے کے دوسرے انجن میں تکنیکی مسئلے کا احساس ہوا۔ کسی ممکنہ خطرے سے بچنے کے لیے پائلٹس نے فوری طور پر ایمرجنسی لینڈنگ کا فیصلہ کیا۔ طیارہ بحفاظت رن وے پر اتارا گیا اور بعد ازاں اسے ایک محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔پرواز میں تقریباً 150 مسافر سوار تھے۔ چند مسافروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے فضا میں چنگاریاں اور شعلے دیکھے، جس کے باعث جہاز کے اندر کچھ دیر کے لیے خوف و ہراس کی کیفیت پیدا ہوگئی۔ تاہم عملے نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں رکھا۔ہوائی اڈے کی انتظامیہ نے فوری طور پر طبی امداد اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں تعینات کر دیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ خوش قسمتی سے تمام مسافر محفوظ رہے اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔لینڈنگ کے بعد اسپائس جیٹ کی انجینئرنگ ٹیم نے طیارے کے انجن کا تفصیلی معائنہ شروع کر دیا ہے تاکہ خرابی کی اصل وجہ کا پتہ لگایا جا سکے۔ تاحال ایئر لائن کی جانب سے اس واقعے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔دوسری جانب حالیہ عرصے میں بھارتی ہوا بازی کے شعبے میں پیش آنے والے فنی مسائل نے مسافروں کی سلامتی سے متعلق تشویش میں اضافہ کیا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جنوری 2025 سے فروری 2026 تک مختلف ایئر لائنز کے 754 طیاروں کی جانچ کی گئی، جن میں سے تقریباً نصف میں بار بار سامنے آنے والی تکنیکی خامیاں پائی گئیں۔رپورٹس کے مطابق جانچ کے دوران متعدد بڑی ایئر لائنز کے طیاروں میں فنی نقائص ریکارڈ کیے گئے، جس کے بعد ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) نے نگرانی مزید سخت کر دی ہے
