اورنگ آباد (11 اپریل):میونسپل کمشنر امول ایڈ گے نے زیرِ تعمیر زولا جیکل پارک (سفاری پارک) کا معائنہ کرنے کے بعد متعلقہ افسران کو اہم ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ مانسون شروع ہونے سے پہلے پارک کے تمام ادھورے کام مکمل کیے جائیں۔
معائنہ کے دوران کمشنر نے سفاری پارک میں جانوروں کی نسل اور اقسام کے مطابق پنجروں کی تیاری، معلوماتی بورڈز کی تنصیب اور سیاحوں کی سہولت کے لیے بنیادی انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ پارک میں آنے والے سیاحوں کے لیے سٹی بس اور دیگر ٹرانسپورٹ سہولیات بھی شروع کی جائیں۔
کمشنر امول ایڈ گے نے پارک اور اس کے اطراف میں پلاسٹک کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کرنے کا بھی حکم دیا، ساتھ ہی بڑے پیمانے پر شجرکاری کرنے اور سایہ دار درخت لگانے کی ہدایت دی تاکہ مستقبل میں ماحول بہتر بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارک تک رسائی آسان بنانے کے لیے شہر کے اہم مقامات جیسے سینٹرل بس اسٹینڈ، ریلوے اسٹیشن اور ایئرپورٹ سے زولا جیکل پارک تک رہنمائی کے بورڈز نصب کیے جائیں۔ اس کے علاوہ پارک کی تشہیر پر بھی زور دیا گیا۔
کمشنر نے ببر شیر اور چیتے جیسے جانوروں کے لیے جدید پنجروں کی تیاری اور ان کی منتقلی کے امکانات پر بھی غور کرنے کی ہدایت دی۔ بجلی کی فراہمی کے لیے مؤثر منصوبہ بندی کرنے کو کہا گیا تاکہ پارک کی سرگرمیاں بغیر رکاوٹ جاری رہ سکیں۔
اس موقع پر چیف گارڈن آفیسر وجئے پائل، اسمارٹ سٹی کے ڈپٹی سی ای او رویندر جوگرنڈ، پروجیکٹ منیجر عمران خان اور اسنیہا نائر سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
