ہولی کی رات غازی آباد میں خوفناک آتشزدگی، 150 افراد بحفاظت نکال لیے گئے، متعدد اسپتال منتقل
نئی دہلی/غازی آباد: ہولی کی رات خوشیوں کے ماحول کے درمیان غازی آباد کے کھوڑا علاقے میں اچانک پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعے نے سنسنی پھیلا دی۔ پانچ منزلہ رہائشی عمارت کے گراؤنڈ فلور پر لگی آگ نے چند ہی منٹوں میں پوری عمارت کو دھوئیں کی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث اندر موجود درجنوں خاندان شدید خوف و ہراس کا شکار ہو گئے۔واقعہ بیر بل چوکی کے قریب گولڈن پیلس کے نزدیک واقع ایک اپارٹمنٹ بلڈنگ میں منگل کی رات پیش آیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق آگ سیڑھیوں کے قریب موجود برقی پینل یا وائرنگ کے حصے سے بھڑکی، جس کے بعد دھواں تیزی سے اوپر کی منزلوں تک پھیل گیا۔ دھواں اتنا گہرا تھا کہ مکین نیچے اترنے سے قاصر ہو گئے اور کئی افراد نے بالکونیوں اور کھڑکیوں سے مدد کے لیے آوازیں دینا شروع کر دیں۔
عمارت میں تقریباً 40 سے 45 فلیٹس ہیں اور اس وقت قریب 150 افراد اندر موجود تھے۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ فائر اسٹیشن ویشالی کو رات 11 بج کر 47 منٹ پر اطلاع ملی، جس کے بعد متعدد فائر ٹینڈرز کو جائے وقوعہ پر روانہ کیا گیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے تقریباً دس دمکل گاڑیاں اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے بلند سیڑھیوں اور حفاظتی آلات کی مدد سے مرحلہ وار لوگوں کو باہر نکالنا شروع کیا۔ کئی افراد کو بالکونیوں کے راستے محفوظ مقام تک منتقل کیا گیا۔ ساتھ ہی ساتھ آگ بجھانے اور دھوئیں کو قابو میں کرنے کی کوششیں جاری رہیں۔ کئی گھنٹوں کی مسلسل جدوجہد کے بعد تقریباً تمام مکینوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
تاہم دھوئیں کے باعث 20 سے زائد افراد کی طبیعت متاثر ہوئی، جنہیں فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق بیشتر افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے، جبکہ چند افراد کو احتیاطاً زیرِ نگرانی رکھا گیا ہے۔ متعدد افراد کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔اطلاع ملتے ہی پولیس اور مقامی انتظامیہ کے افسران بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کی۔ کئی گھنٹوں بعد آگ پر مکمل قابو پا لیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تفصیلی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ عمارت کے حفاظتی انتظامات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔علاقے کے مکینوں نے فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں کی بروقت کارروائی کو سراہا، جس کی بدولت ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔
