مکہ مکرمہ: سعودی عرب کی ریلوے کمپنی (سار) نے حج سیزن کے لیے “مشاعر مقدسہ میٹرو منصوبے” کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جو عازمین حج کو مقدس مقامات کے درمیان محفوظ، تیز اور منظم سفری سہولت فراہم کرے گا۔
سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اس منصوبے کے آغاز سے یہ واضح اشارہ ملتا ہے کہ حج سیزن کے دوران نقل و حمل کے نظام کو مؤثر اور محفوظ بنانے کے لیے مکمل تیاری کر لی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق سعودی ریلوے نے سکیورٹی اداروں اور متعلقہ ایجنسیوں کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے اپنے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں تاکہ حج کے دوران عازمین کو کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
حج سیزن کے آغاز سے قبل تین فرضی مشقیں بھی کی گئیں جن میں بڑے ہجوم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف مراحل کا جائزہ لیا گیا۔ ان مشقوں کا مقصد ہجوم کے دباؤ، ٹرینوں کی کارکردگی اور اسٹیشنوں کے انتظامی نظام کو سخت معیار پر جانچنا تھا تاکہ حج کے مصروف ترین دنوں میں بہترین خدمات فراہم کی جا سکیں۔
